کراچی کے علاقے صدر میں دھماکا 1 شخص جاں بحق متعدد زخمی

دھماکا آئی ای ڈی ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا، وزیراعلیٰ کو ابتدائی رپورٹ پیش

فوٹو ٹویٹر

لاہور:
شہر قائد کے گنجان آباد علاقے صدر میں دھماکا ہوا، جس میں 1 شخص جاں بحق جبکہ 13 افراد زخمی ہوگئے، جن میں سے چار کی حالت تشویشناک ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے صدر کے مصروف ترین مقام کے قریب زور دار دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں پانچ گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں جبکہ متعدد کو نقصان پہنچا۔

ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ صدر دھماکے کے زخمیوں کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ اسپتال ذرائع نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے شخص کے جسم پر بال بیرنگ کے نشانات ہیں۔

جناح اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شاہد رسول نے بتایاکہ 8 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا، جن میں سے 3 کی حالت تشویشناک ہے۔ انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کے جسم بال بیرنگ سے زخمی ہیں۔

دوسری جانب عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکے سے اطراف میں کھڑی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکار جائے وقوع پر پہنچ گئے ہیں جبکہ علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔


جائے وقوعہ کو سیل کر کے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو شواہد کے لیے طلب کرلیا گیا ہے، جس کے بعد دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کوسٹ گارڈ کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا کیونکہ جیسے ہی گاڑی گزری اسی دوران زور دار دھماکا ہوا۔

وزیراعلیٰ سندھ کا نوٹس، رپورٹ طلب

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس چیف اور کمشنر کراچی سے رپورٹ طلب کرلی جبکہ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی امداد دینے کی ہدایت کردی۔

وزیراعلیٰ سندھ کو ابتدائی رپورٹ پیش

وزیراعلیٰ سندھ کو آئی جی پولیس کی جانب سے دھماکے کی ابتدائی رپورٹ پیش کردی گئی جس میں امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ دھماکا آئی ای ڈی ڈیوائس سے کیا گیا، جس کے لیے موٹر سائیکل استعمال کی گئی۔

کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن کا جائے وقوعہ کا دورہ

کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور بتایا کہ دھماکا 10 بج کر 52 منٹ پر ہوا، پولیس کے سینئر افسران جائے وقوعہ پر موجود ہیں، ابتدائی طور پر دھماکے کیلئے موٹرسائیکل کو استعمال کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ کوسٹ گارڈ کی گاڑی کا گزرنا معمول نہیں تھا، دھماکا کوسٹ گارڈ کی گاڑی نشانہ تھی یا نہیں کہنا قبل از وقت ہے، دھماکے کی نوعیت بم ڈسپوزل اسکواڈ دیکھ رہا ہے۔


دھماکے میں کوسٹ گارڈ کے 2 اہلکار زخمی ہوئے

ڈی آئی جی ساؤتھ شرجیل کھرل نے بتایا کہ دھماکے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت عمر صدیق کے نام سے ہوئی جبکہ 8 گاڑیوں کو اور 7 موٹرسائیکلوں، بیکری سمیت اطراف کی دکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔

انہوں نے بتایا کہ دھماکے میں 2 کوسٹ گارڈ کے اہلکار زخمی ہوئے، بی ڈی ایس حکام نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیے جبکہ اطراف میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں سے فوٹیج بھی حاصل کی جارہی ہے۔

وزیراعظم کا کراچی دھماکے پر اظہار افسوس

وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی کے علاقے صدر میں ہونے والے دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور 13 شہریوں کے زخمی ہونے پر رنج و غم اور افسوس کا اظہا رکرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ساتھ دلی تعزیت کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر عوام اور امن دشمن عناصر کا قلع قمع کریں گے۔

وزیراعظم نے وزیر اعلیٰ سندھ کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔

وزیر داخلہ کا کراچی دھماکے کا نوٹس

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کراچی کے علاقے صدر میں ہونے والے دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری اورآئی جی پولیس سندھ سے دھماکے کی رپورٹ طلب کی۔

انہوں نے دھماکے سے قیمتی جان کے ضیاع پر دکھ اورافسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلدصحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ واقعے کی جامع تحقیقات کیلئے وفاقی حکومت سندھ حکومت کومکمل معاونت فراہم کرے گی۔

پنجاب اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ کی کراچی دھماکے کی مذمت

وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کراچی میں ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور انسانی جان کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔

 

 
Load Next Story