فن صحافت کیا ہے
اصطلاح نام ہی اس مختصر لفظ کا ہے جو علمی مطالب کے ادا کرنے کے لیے واضح کیا جاتا ہے
گزشتہ ماہ میرا ایک کالم بعنوان '' ادب کیا ہے'' شایع ہوا، اس کالم کو ادبی حلقوں کی جانب سے پسندیدگی کا اظہار کیا گیا۔ اس حوالے سے میرے ایک دوست جو کلی طور پر تدریس اور جزوی طور پر صحافت کے شعبے سے وابستہ ہیں انھوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ ایک ایسی ہی تحریر صحافت کے حوالے سے بھی لکھی جائے تاکہ صحافت کے طالب علم بھی اس سے رہنمائی حاصل کرسکیں ، آج کا کالم ''صحافت کیا ہے'' اسی تناظر میں تحریر کیا ہے۔
گزشتہ کالم ادب کیا ہے کے ابتدائی پیراگراف میں یہ تحریر کیا تھا کہ اصطلاح مختصر اظہاریہ ہوتا ہے اس مختصر اظہاریے میں کسی مکمل سوچ، خیال یا نظریے کی جامعیت موجود ہوتی ہے۔
اصطلاح نام ہی اس مختصر لفظ کا ہے جو علمی مطالب کے ادا کرنے کے لیے واضح کیا جاتا ہے کسی بھی علم میں اصطلاحات کی حیثیت کلیدی (چابی) کی ہوتی ہے جو علوم کو کھولنے کا کام انجام دیتی ہے وہی اصطلاح مفید اور روشن ہوتی ہے جو اپنے اندر ایک واضح وضاحت رکھتی ہے۔ اب آئیے صحافت میں استعمال ہونے والی اصطلاحات کا جائزہ لیتے ہیں۔
ابلاغ صحافت کی زبان
ابلاغ ایک ایسا عمل ہے جس میں الفاظ کا سہارا لے کر یا غیر لفظی اشارہ کرکے یا جسمانی حرکات و سکنات کے ذریعے تبادلہ خیال کیا جاتا ہے اور معلومات یا پیغامات ایک دوسرے تک پہنچائے جاتے ہیں۔
ذرایع ابلاغ سے مراد ابلاغ کے وہ ذرایع جن کے ذریعے پیغام پہنچایا جاتا ہے اس میں اخبارات، ریڈیو، ٹیلی وژن، کتب اور انٹرنیٹ شامل ہیں لفظ صحافت سے مراد ایسا مطبوعہ یا نشریاتی مواد جو مقررہ وقفوں کے بعد شایع یا نشر ہو، اسے صحافت کا نام دیا جاتا ہے۔
News (خبر) انگریزی زبان کا لفظ ہے جو west, east, north اور south کے پہلے لفظ کا مجموعہ ہے یعنی چاروں سمت جو کچھ ہو رہا ہے وہ News ہے ہر خبر میں چھ سوالات کے جوابات ہوتے ہیں کیا، کیوں، کون، کہاں اور کیسے۔ ان سوالات کے جواب ہوں تو خبر مکمل ہوتی ہے۔
کالم، زندگی کے کسی شعبے سے تعلق رکھنے والے وقتی اہمیت کے کسی موضوع پر لکھی گئی مختصر تحریر کو کالم کہا جاتا ہے۔ اداریہ کے لغوی معنی مدیر کی تحریر کے ہیں۔ صحافت کی اصطلاح میں اس سے مراد اخبار کے رجحانات کو شعوری اور مربوط شکل میں پیش کرنا اداریہ کہلاتا ہے۔
اداریہ عموماً کسی ہنگامی موضوع پر لکھا جاتا ہے۔ فیچر ایسی تحریر ہے جو قارئین کو موضوع کے تمام پہلو سمجھنے اور کسی نتیجے پر پہنچنے میں مدد دے۔ اس کے ذریعے علاقائی، قومی اور ملی معاملات کو عوام اور حکومت کے سامنے موثر انداز میں پیش کیا جاتا ہے۔ انٹرویو کے لغوی معنی بات چیت کے ہیں۔ صحافت کی زبان میں اخباری ملاقات یا ذرایع ابلاغ کے لیے باضابطہ ملاقات کو انٹرویوکہا جاتا ہے۔
صحافت میں ایڈیٹر کے نام موصول ہونے والی ڈاک میں اکثر اوقات عوام یا قارئین کی طرف سے انفرادی، اجتماعی، علاقائی، ملکی مسائل پر تحریریں موصول ہوتی ہیں ان تحریروں کو مراسلات کہا جاتا ہے۔ رپورتاژ ایسی رپورٹ ہے جس میں بتایا جاتا ہے کہ جس حوالے سے رپورٹ مرتب کی گئی ہے لکھنے والے نے کیا دیکھا، مشاہدے میں اس کے دل و دماغ میں کیا باتیں آئیں، اس کے علاوہ دوسرے لوگوں کے تاثرات کو بھی پیش کیا جاتا ہے جو واقعہ یا واقعات کے سلسلے میں کردار کی حیثیت رکھتے ہیں۔ مواد کو اس طرح ترتیب دیا جاتا ہے کہ اس سے بات پوری طرح واضح ہو جاتی ہے۔
روزنامچہ صحافتی زبان کا لفظ ہے جس میں واقعات کو تاریخ وار لکھا جاتا ہے۔ بعض لوگ اسے تاریخ کے ہم معنی میں استعمال کرتے ہیں جوکہ غلط ہے۔ تاریخ میں واقعات کے ذکر کے ساتھ اس کے اسباب، پیش منظر اور پس منظر کے ساتھ لکھا جاتا ہے جب کہ روزنامچہ میں صرف واقعات کا ہی ذکر ہوتا ہے۔ ایسی تحریر یا بیان یا خبر جو حکومت کی طرف سے تشہیر کی خاطر تحریر کرکے اخبارات کے دفاتر کو ارسال کی جائے پریس نوٹ کہلاتی ہے۔
یہ عموماً کسی واقعے یا امن عامہ کے بارے میں ہوتی ہے۔ ایسی تحریر جو اشاعت کی غرض سے سرکاری، نیم سرکاری اور نجی اداروں کی جانب سے جاری کی جاتی ہے پریس ریلیز کہلاتی ہے۔ کسی موضوع پر مختصر چند طبع شدہ اوراق جو اختلافی یا غیر اختلافی کوئی بھی نوعیت رکھتا ہو اسے کتابچہ کا نام دیا جاتا ہے۔ اگر اسے بہت مختصر طور پر تحریر کیا گیا ہو تو اسے پمفلٹ کا نام دیا جاتا ہے۔
قرطاس ابیضWhite Paper ایسی دستاویز کو کہتے ہیں جو حکومتی یا کسی بھی حلقے کی جانب سے عوام کی اطلاع کے لیے شایع کی جاتی ہے۔ کالم کی ایسی جگہ جو اخبار میں آخری یا متوقع خبروں کے لیے چھوڑ دی جائے تاکہ آخری اوقات میں اہم خبر کو اخبار میں شایع کیا جاسکے Fudge کالم کا نام دیا جاتا ہے۔ ایک وقت میں ایک سے زائد اخبار میں لکھنے والے صحافی کو Free Lancer کہا جاتا ہے۔ کسی اہم خبر کی بڑی سرخی بنانی ہو جو تقریباً 5 سے 8 کالموں کے سائز میں ہو اسے شہ سرخی Head Line کہتے ہیں۔
شہ سرخی کے نیچے آنیوالی سرخی کو Leadکہتے ہیں جوکہ اخبار کے صفحہ اول پر سب سے نمایاں ہوتی ہے۔ ادارتی صفحہ پر پہلے مضمون کو Leader اور باقی تحریر کو ادارتی نوٹ کہا جاتا ہے۔ لے آؤٹ کا لفظ اخبار کے مواد کی اچھی ترتیب اور خوبصورتی کے معنی میں استعمال ہوتا ہے۔ ایسی خبریں جو کم اہمیت کی حامل ہوں Play Down کہلاتی ہیں۔ اس قسم کی خبریں عموماً اخبار کے اندرونی صفحات کے لیے ہوتی ہیں۔ کاپی صحافتی اصطلاح میں ایک خاص قسم کے کاغذ کے ایک یا ایک سے زائد صفحات پر تحریر شدہ مواد جسے چھاپنا مقصود ہو کاپی کہلاتا ہے۔
ہر اخبار تیار ہونے کے بعد چھاپے خانے میں ایک مقررہ وقت کے اندر جاتا ہے۔ اس وقت کو Zero Hour کا نام دیا جاتا ہے۔ Flag سے مراد اخبار کے پہلے ورق کی ایسی جگہ جہاں اخبار کا نام درج ہے ماسٹ ہیڈ سے مراد ادارتی صفحہ پر اخبار کے نام کی پٹی جس میں اخبار سے متعلق دیگر معلومات ہوتی ہیں اس حصے کو ماسٹ ہیڈ کہتے ہیں۔ ایسی خبر جس کی تفصیلات روزانہ موصول ہوتی ہیں اور اخبار والے اسے روزانہ شایع کرتے ہوں اسے Running Story کہتے ہیں۔ اخبارات، ریڈیو اور ٹیلی وژن کے نمایندوں سے باتیں کرنے والے گفتگو کے دوران بعض اوقات ایسی باتیں بھی کہہ جاتے ہیں جس کو شایع یا نشر کرنے سے روک دیا جائے اسے Off the Record کا نام دیا جاتا ہے۔
ایسا علاقہ یا حلقہ جہاں رپورٹر یا نامہ نگار خود جا کر خبریں حاصل کریں Beat کہلاتا ہے مثلاً کھیل کے میدان، اسپتال یا عدالت وغیرہ۔ ایسا وقت مقررہ جس وقت تک اخباروں کے نامہ نگار یا رپورٹر کو اخبارات کے دفاتر میں خبریں پہنچاتے ہوں Dead Line کہلاتا ہے۔ ایسی اہم خبر جو صرف ایک اخبار میں شایع ہو اور دوسرے کسی اخبار میں شایع نہ کی ہو ایسی خبر کو Exclusive اسٹوری کا نام دیا جاتا ہے۔ اخبار کی کاپی تیار ہونے کے فوراً بعد وصول ہونے والی خبر کو Flash نیوزکہتے ہیں اس خبر کو بعد میں مختصر کرکے شایع کر دیا جاتا ہے۔