چیئرمین پی سی بی پر 6 ماہ میں 39 لاکھ سے زائد رقم خرچ

اندرون ملک سفر پر 26 لاکھ سے زائد صرف، ایکسپریس کی نشاندہی پرتفصیل جاری


Sports Reporter May 14, 2022
اندرون ملک سفر پر 26 لاکھ سے زائد صرف، ایکسپریس کی نشاندہی پرتفصیل جاری۔ فوٹو: فائل

چیئرمین پی سی بی نے 6ماہ میں 39 لاکھ روپے سے زائد رقم خرچ کر دی جب کہ اندرون ملک سفر پر 26 لاکھ 78 ہزار روپے کے اخراجات ہوئے،

سابق چیئرمین احسان مانی نے خود سمیت بی او جی ممبران کے اخراجات کی تفصیل پی سی بی کی ویب سائٹ پر شائع کرنے کا سلسلہ شروع کیا تھا، رمیز راجہ کے دور میں اسے جاری نہ رکھا جا سکا، البتہ اب گزشتہ روز موجودہ سربراہ کے 6 ماہ میں اخراجات کی تفصیل ویب سائٹ پر جاری کر دی گئی ہے۔

21ستمبر سے 22مارچ تک رمیز راجہ نے 39 لاکھ 17 ہزار روپے خرچ کیے، اندرون ملک سفر پر 26 لاکھ 78 ہزار 985 روپے کے اخراجات ہوئے، وہیکل الاؤنس کی مد میں 5 لاکھ 77 ہزار روپے سے زائد رقم خرچ ہوئی۔

انھوں نے موبائل، سیکیورٹی، میڈیکل کی مد میں 4 لاکھ 15 ہزار روپے لیے، غیر ملکی دوروں پر 2 لاکھ 39 ہزار روپے سے زائد خرچ ہوئے،ساتھ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اخراجات کی تفصیل آئندہ سہ ماہی بنیادوں پر جاری کی جائے گی۔ یاد رہے کہ احسان مانی کا کہنا تھا کہ سسٹم میں شفافیت لانے کیلیے اخراجات کی تفصیل دینا ضروری ہے۔

رمیز راجہ کی جانب سے اپنے پیش رو کی روایت ختم کرنے اور اخراجات کی رپورٹ منظر عام پر نہ لانے کی خبر '' ایکسپریس'' میں 28اپریل کو شائع ہوئی تھی،اسے لاہور سے اسپورٹس رپورٹر عباس رضا نے فائل کیا تھا جس کے بعد میڈیا میں بحث چل نکلی۔

اس وقت پی سی بی کا موقف تھا کہ احسان مانی سے قبل بھی بورڈ سربراہان اخراجات کی رپورٹ شائع نہیں کرتے تھے،ویب سائٹ ''کرکٹ پاکستان'' کو انٹرویو میں بھی احسان مانی نے رپورٹ جاری نہ کرنے کو افسوسناک قرار دیا، میڈیا میں مسلسل خبریں آنے پر بالآخر پی سی بی نے گذشتہ روز تفصیل جاری کردی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں