قانون حرکت میں آئے گا تو عمران خان کو چھپنے کی جگہ بھی نہیں ملے گی حمزہ شہباز

ن لیگ تم سے انتقام تو نہیں لے گی لیکن قانون کو حرکت میں لا کر تمہیں قانون کا احترام ضرور سکھائے گی، وزیر اعلیٰ پنجاب


ویب ڈیسک May 14, 2022
فوٹو : فائل

وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عمران خان غلط فہمی میں نہ رہے کہ ہمیں دباؤ لے میں آئے گا، جب قانون حرکت میں آئے گا تو تمہیں چھپنے کی جگہ بھی نہیں ملے گی۔


وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز نے عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کسی غلط فہمی میں ہیں کہ وہ ہمیں دباؤ میں لے آئیں گے، ہم صرف اللہ کا دباؤ قبول کرتے ہیں یا اپنی عوام کا، عمران نیازی کو آج خبردار کرتا ہوں کہ آپ آئین اور عدالت کے فیصلوں کو نہیں مانتے اور اداروں کا مذاق اڑاتے ہیں، ن لیگ تمہاری طرح انتقام تو نہیں لے گی لیکن قانون کو حرکت میں لا کر تمہیں قانون کا احترام ضرور سکھائے گی۔


حمزہ شہباز نے کہا کہ تم نے اپوزیشن کو ناحق جیل میں ڈالا تھا جبکہ تمہارے خلاف باقاعدہ ثبوت موجود ہیں، جب قانون حرکت میں آئے گا تو تمہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔


وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کو مکمل کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، لوڈشیڈنگ کے جن کو ہم نے بوتل میں بند کر دیا تھا لیکن سابقہ حکومت کی نااہلیاں سامنے آ رہی ہیں، ہم لوڈشیڈنگ اور مہنگائی سمیت ہر ایشو پر حقائق قوم کے سامنے رکھیں گے اور دن رات کام کر کے ان مسائل سے چھٹکارا پائیں گے۔


انہوں نے کہا کہ کل انتظامیہ نے 3 گھنٹے تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات کیے کیونکہ سیالکوٹ میں جلسے کے مقام پر مسیحی برادری کو تحفظات ہیں، انتظامیہ نے تحریک انصاف کو متبادل جگہ کی پیشکش کی لیکن انہوں نے ہٹ دھرمی کی دراصل عمران نیازی خون خرابہ چاہتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں