ڈالر کی قیمت کنٹرول کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے وزیرخزانہ
حکومت پاکستان کو ایک خوشحال اور ترقی یافتہ ملک بنانے کے لیے پرعزم ہے، مفتاح اسماعیل
وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ ڈالر کی قیمت کنٹرول کرنے اور روپے کی قدر بڑھانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت پر قابو پانے کیلئے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک کی بڑی ایکسچینج کمپنیوں کے سربراہان کے علاوہ ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک اور فنانس ڈویڑن کے سینئر افسران شریک ہوئے۔
اس موقع پر وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت ملک کی فاریکس مارکیٹ میں استحکام کو یقینی بنانے کے لیے پختہ عزم رکھتی ہے اور امریکی ڈالر کے مقابلے پاکستانی روپے کو مارکیٹ کے طریقہ کار میں مداخلت کیے بغیر مستحکم رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
مزید پڑھیں: ملکی تاریخ میں پہلی بار ڈالر 193 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا
اجلاس میں ایکسچینج کمپنیوں کو پاکستان میں ترسیلات زر کے بھاوٴ کو بڑھانے کے لیے سہولت فراہم کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔ اجلاس میں غیر رسمی ذرائع سے پاکستان سے زرمبادلہ کے اخراج کو روکنے کے لیے بھی متعدد اقدامات تجویز کیے گئے جبکہ ایکسچینج کمپنیوں کی جانب سے پاکستان میں زرمبادلہ کی پوزیشن کو بہتر بنانے کے لیے کچھ دیگر ٹھوس تجاویز اور عملی اقدامات پیش کیے گئے۔
ایکسچینج کمپنیوں نے یقین دلایا کہ اگر ان اقدامات پر عمل درآمد ہوتا ہے تو پاکستانی روپے کی قدر میں استحکام آئے گا۔ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے ملک میں شرح مبادلہ کے استحکام کو یقینی بنانے کے لیے حکومت کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایشیائی ترقیاتی بینک ڈھائی ارب ڈالر اضافی امداد پر مشروط آمادہ
انہوں نے شرکاء کو یقین دلایا کہ پاکستان کی معیشت کے تحفظ اور مضبوطی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے، جس کے نتیجے میں پاکستانی روپے کی قدر میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت پاکستان کو ایک خوشحال اور ترقی یافتہ ملک بنانے کے لیے پرعزم ہے۔