یہ جا…وہ جا…

یہ گورے اپنے آپ کو سمجھتے کیا ہیں ۔ یہ ہی بس ریکارڈ بنا سکتے ہیں ۔ یہ ہی بس نئی نئی چیز بنا کر ہمیں غلام رکھ سکتے ہیں


انیس منصوری March 02, 2014
[email protected]

عتیق بھائی نے جب سے اخروٹ کو اخروٹ توڑتے ہوئے دیکھا ہے جاگتے ہوئے خواب دیکھنے لگے ہیں ۔ کسی بھی گاہک کو پان دینے سے پہلے اخروٹ کا قصہ ضرور چھیڑتے ہیں۔ کالج کا ایک شرارتی بچہ اپنے ابا کا پان لینے آیا تو اُس کی شرٹ کے کھلے بٹن دیکھ کر عیجب سا منہ بنا کر کہنے لگے، میاں کوئی ڈھنگ کا کام کر لو، ہر وقت کانوں میں تاروں کا جال ڈال کر پتہ نہیں کیا بکواس سنتے رہتے ہو ۔ راشد میاں کو دیکھو ایک منٹ میں اپنے ذاتی سر سے پورے 155 اخروٹ توڑ کر بھارت کو چت کر دیا ، ایسا کوئی کارنامہ کرو۔ پان اٹھانے کے لیے جیسے ہی عتیق بھائی نے اخروٹ کا ماتم ختم کیا تو شرارتی بچے کو پھر شرارت سوجھی اور کہنے لگا کہ چاچا بھارت نے پولیو ختم کر دیا اور ہم پر پابندی لگا رہا ہے کہ پولیو کا ٹیسٹ کیے بغیر آپ کو اب آنے نہیں دیگا ۔ عتیق بھائی کے تن بدن میں آگ لگ گئی یہ نئی نسل بھارت کی فلمیں دیکھ دیکھ کر بگڑ گئی ہے۔ چل جا یہاں سے ابا سے کہنا خود آکر پان لے جائے۔ بچے نے پھر ہینڈ فری اپنے کان میں لگایا اور بالوں کو جھٹکا دیتے ہوئے یہ جا ،وہ جا ۔

جناب کئی دنوں سے منصوبہ بنا رہے ہیں کہ اپنی پان کی دکان کو ایک دن کے لیے لاہور منتقل کر دیں اور ایک منٹ میں پان بنانے کے عالمی ریکارڈ کو توڑ کر انڈیا سے پیدائشی دشمنی کا بدلہ بھی لے لیں گے۔ابھی اسی خواب میں خود کو چیمئین سمجھ کر خود ہی اکیلے اکیلے مسکرا رہے تھے کہ رکشہ والے چاچا نے اچانک انٹری دے دی ۔ چاچا تازہ تازہ اخبار پڑھ کر آئے تھے۔ اس سے پہلے کہ عتیق بھائی اخروٹ کا قصہ شروع کرتے چاچا نے سسپنس بناتے ہوئے کہا مبارک ہو میاں پاکستان سرفہرست آگیا ۔ بھائی سمجھے کہ چلو ایک اور ریکارڈ ٹوٹا ۔اور سینہ چوڑا کرتے ہوئے کہنے لگے میں نے ٹی وی میںدیکھا ،بنگالیوں سے بدلہ لے لیا پاکستان نے۔ عتیق بھائی نے پان پر چونا رگڑتے ہوئے فخریہ انداز میں کہا کہ بنگالیوں کے چھوٹے چھوٹے ہاتھ کتنے پرچم بناتے ہم نے تو ہاتھوں کے پرچم کا ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا ۔

چاچاکے ماتھے پر غصے سے بل نمایاں تھے کیونکہ بھائی نے اپنے ریکارڈ کے نام پر اُن کی خبر نہیں سنی تھی۔ سفید مونچھوں کو تائو دے کر کہنے لگے ۔ چونا صحیح لگا ۔ تم تو اپنے یہاں بنگالی ٹیم کو نہیں بلا سکتے جا کر ٹی وی دیکھ کتنا بڑا کرکٹ کا ٹورنامنٹ کرایا ہے بنگالیوںنے۔ عتیق بھائی نے چونا لگا ہوا پان چھوڑ کر چاچا کو غصے سے دیکھا اور کہا یہ تو بھارت کی سازش ہے یہ بتا کون سا ریکارڈ کا کہہ رہا تھا ۔ چاچا نے غصے میں کہا چھوڑ تجھے کیا ۔ عتیق بھائی نے فریادی جیسا منہ بنایا تو چاچا کو ترس آہی گیا ۔ کہنے لگے۔ ابھی ابھی اخبار پڑھ کر آیا ہوں ۔ پاکستان دنیا بھر میں پہلے نمبر پر آگیا ۔ جہاں سب سے زیادہ بچے پیدا ہوتے ہی مر جاتے ہیں ۔ عتیق بھائی کا پارہ ایک دم چڑھ گیا ۔ یہ امریکا کی سازش ہے جو نہیں چاہتا کہ ہمارے بچے بڑے ہو کر نئے ریکارڈ بنائیں اسی لیے ایسی دوائیاں بنائی ہیں کہ ہمارے بچے پیدا ہی نہ ہوں ۔ چاچا نے منہ میں پان ڈالا اور منطق کو ٹھیک مانتے ہوئے یہ جا ،وہ جا ۔

یہ گورے اپنے آپ کو سمجھتے کیا ہیں ۔ یہ ہی بس ریکارڈ بنا سکتے ہیں ۔ یہ ہی بس نئی نئی چیز بنا کر ہمیں غلام رکھ سکتے ہیں ۔ گورے جو ہمیں ہر وقت ایک ناکام ریاست ثابت کرنے کی کوشش میں لگے رہتے ہیں وہ ہی ہمارے یہاں آکر ہمارے ریکارڈ نوٹ کر رہے ہیں ۔ عتیق بھائی کو پتہ ہی نہیں چلا کہ کب جمیل آکر کھڑا ہو گیا ۔ جمیل نے خود کلامی کرتے ہوئے بھائی کو لقمہ دیتے ہوئے کہا ایسا کیا کر دیا ہم نے جو انگریز بھی واہ واہ کر رہے ہیں ۔ عتیق بھائی نے اپنی نظریں اونچی کرتے ہوئے کہا کہ تمھیں کیا پتہ تم بس جائو اور بینک میں نوٹ گنو ۔ میاں بینک میں رات دن کالے کرتے ہو۔ یہ بتائو کہ آج تک کچھ ایسا کیا ہے کہ انگریز بھی یہاں آ کر تمھیں واہ واہ کریں ۔ ہوا ہو گئے امریکا والے ہمارے ایک کیپٹن نے پتہ ہے کیا کیا ؟ جمیل بھی شائد انجوئے کرنا چاہتا تھا کیا کیا سارے دہشت گردوں کر بھگا دیا یا G-3 ٹیکنالوجی لے آئے ۔ عتیق بھائی نے آستین چڑھاتے ہوئے کہا کہ G_3 کیا ہم پانچ ، چھ سات اٹھ بار G کر لیں گے ۔ دیکھو 24 گھنٹے میں تمھیں پتہ ہے ہمارے کیپٹن نے کیا کیا۔ جمیل کو اب سسپنس زیادہ ہوتے ہوئے لگا تو کہنے لگا۔ بھائی اب بتا بھی دو کہ کیپٹن نے کیا youtube کھولوا دی؟ اف یہ بے ہودگی والی چیزوں کا نام مت لو ۔ اسی لیے تو تم وہ نہیں کرسکتے جو کیپٹن نے کیا ۔ تم تو دس نہیں لگا سکتے کیپٹن نے پورے 46 ہزار بش اپس لگائے وہ تو ایک دن میں بس 24 گھنٹے ہوتے ہیں ورنہ 50 ہزار تو کر لیتا یہ ۔ بھئی ان گوروں کی سازش ہے جنھوں نے بس 24 گھنٹے رکھے ۔ جمیل کا ٹائم پاس ہو چکا تھا ۔ اُس نے سگریٹ کا پیکٹ جیب میں رکھا اور یہ جا ۔وہ جا ۔

اگر انھوں نے چونا لگانے کا بھارتی ریکارڈ توڑ دیا تو کیا ہو گا؟ ہر ٹی وی چینل بس صرف انھیں دکھا رہا ہو گا۔ٹی وی چینل ہر گھنٹے کی سرخی میں اُن کے لگائے گئے چونے کو تیز کر رہے ہونگے ۔ حمزہ تو آہی جائے گا واہ واہ کرنے ۔ اگر نہیں آیا تو شہباز شریف تو آہی جائینگے۔ پھر کیا ہو گا۔ ایک منٹ میں ریکارڈ بن جائیگا ۔ دن بھر میں اُن کی دکان محلے کی پنچائیتوں سے ہٹ کر بین الاقوامی شہرت حاصل کر لے گی۔گورے اُن کا انٹرویو کرنے آئینگے۔ وہ اپنی بیوی اور بچوں کو نئے کپڑے دلائینگے ۔ لیکن ایک مسئلہ ہے ۔ لائٹ نہیں ہوگئی تو وہ مہمانوں کو کہاں بٹھائیں گے ۔ اوہ اوہ یہ بھی کوئی مسئلہ ہے ۔ کرکٹ والوں کو بھی ریکارڈ بنانے پر پیسہ ملتا ہے انھیں بھی اتنے پیسے تو مل ہی جائیں گے کہ ایک جنریٹر خرید لیں ۔ لیکن گیس اگر نہیں آرہی ہو گئی تو مہمانوں کو چائے کیسے پلائینگے ۔کوئی مسئلہ نہیں ریکارڈ بنانے کے بعد اتنے تعلقات تو ہو ہی جائینگے کہ وہ ایک CNG اسٹیشن بھی خرید لینگے ۔ بس ایک بار ریکارڈ بن جائے ۔ پھر دیکھیے گا ۔یہ جا وہ جا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں