عمران خان نے لوگوں کو مہنگائی سے بچانے کی پوری کوشش کی اسد عمر

بہترین معیشت کی بنا پر بیرونی سازش سے عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لائی گئی، اسد عمر


ویب ڈیسک May 15, 2022
عمران خان کی حکومت نے کسان دوست پالیسیاں اپنائیں،اور کسان کو اس کا جائز حق دلوایا، اسد عمر—فائل فوٹو

 

سابق وفاقی وزیر اور تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کا کہنا ہے کہ عمران خان نے لوگوں کو مہنگائی سے بچانے کی پوری کوشش کی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیر منصوبہ بندی اور تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کا کہنا تھا کہ صنعت، تجارت اور بجلی کی پیدوار سے متعلق اچھی خبریں ہیں، صنعتی ترقی میں 10 فیصد سے زائد اضافہ ہوا، بجلی کی پیدوار پچھلے سال کی نسبت 10 فیصد زیادہ ہوئی، رواں سال معیشت کی گروتھ تقریباً 6 فیصد تک پہنچے گا، عمران خان کی حکومت نے کسان دوست پالیسیاں اپنائیں،اور کسان کو اس کا جائز حق دلوایا، گنے کی فصل پچھلے سال سے9 اعشاریہ 6 فیصد زیادہ ہے، مکئی کی فصل میں بھی پاکستان کی تاریخ میں ریکارڈ اضافہ ہوا۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ نااہل ترین لوگوں نے کہا کہ عمران خان کی ٹیم نے معیشت میں کیا کر دیا،عمران خان نے لوگوں کو مہنگائی سے بچانے کی پوری کوشش کی، بہترین معیشت کی بنا پر بیرونی سازش سے عدم اعتماد کی تحریک لائی گئی، اب صورت حال انتہائی خطرناک ہوتی جارہی ہے، عدم اعتماد کی تحریک کے بعد زرمبادلہ کے ذخائر میں 6 ارب ڈالر سے زائد کمی ہوئی، نئی حکومت کے آتے ہی لوڈ شیڈنگ میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ جس دن حکومت کا بیان آتا ہے کہ کل سے آٹا 800 پر آجائے گا، اگلے دن آٹا 1100 پر چلا گیا، حکومت جو قرضے لے رہی ہے اس میں 2 ماہ میں ساڑھے 12 سے بڑھ کر 15 فیصد اضافہ ہوا ہے، ایک طرف زرمبادلہ کے ذخائر گر رہے ہیں تو دوسری جانب باہر سے پیسہ لینا مشکل ہوگیا ہے، دن بدن معیشت کے حالات خطرناک ہوتے جا رہے ہیں، موجودہ حکومت کی فیصلہ سازی منجمد ہے، مفتاح اسماعیل شہباز شریف کو دیکھ رہے ہیں، شہباز اسحاق ڈار کو، ڈار نواز شریف کو، نواز آصف زرداری کو اور زرداری پتہ نہیں کس کو، جب کہ عوام کا غم اب غصے میں بدلتا جا رہا ہے اور وقت ختم ہوتا جا رہا ہے، اس تمام تر صورتحال میں الیکشن ہی واحد حل ہے، جتنا جلدی ہوسکے انتخابات کرائے جائیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں