وزیراعلیٰ پنجاب کا عوام کو چند روز میں خصوصی ریلیف پیکیج دینے کا فیصلہ

ریلیف پیکیج کو چند روز میں حتمی شکل دینے کی ہدایت، پنجاب میں ایک ہزار سے زائد فیئر پرائس شاپ قائم کرنے کی بھی تجویز

پنجاب میں ایک ہزار سے زائد فیئر پرائس شاپ قائم کرنے کی بھی تجویز (فوٹو : فائل)

وزیر اعلی پنجاب عوام کے لیے اشیائے خوردونوش پر جلد خصوصی ریلیف پیکیج کا اعلان کریں گے جس کے لیے انہوں نے ریلیف پیکیج کو چند روز میں حتمی شکل دینے کی ہدایت کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے خصوصی پیکیج کے خدوخال کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں اراکین پنجاب اسمبلی عبدالعلیم خان، سردار اویس لغاری، ندیم کامران، چودھری محمد اقبال، بلال یاسین، رمضان صدیق بھٹی، ذیشان رفیق، ٹکٹ ہولڈر حافظ محمد نعمان، مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ، چیف سیکریٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔


وزیراعلیٰ پنجاب کے ریلیف پیکیج کے لیے پنجاب بھر میں ایک ہزار سے زائد فیئر پرائس شاپ قائم کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔

ریلیف پیکیج سے متعلق اپنے بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ آٹا، گھی اور چینی سستا کرکے عام آدمی کو حقیقی ریلیف دیں گے، مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی اجیرن کردی، افسوس عمران نیازی صرف سہانے خواب دکھاتے رہے، جس دن سے عہدہ سنبھالا ہے، عام آدمی کی آسانی کے لیے مہنگائی کا مسئلہ حل کرنے کے لیے کوشاں ہوں۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ افسران کو گراں فروشی کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کرنے ہوں گے، اضلاع میں دورے کرکے خود اشیائے خورد و نوش کے نرخ چیک کروں گا، یہ ریلیف پیکیج اللہ تعالیٰ کی مخلوق کو راضی کرنے کی حقیر سی کوشش ہے۔

 
Load Next Story