پاکستان میں رواں برس کا تیسرا پولیو کیس سامنے آگیا

تیسرا کیس شمالی وزیرستان میں رپورٹ ہوا ہے، پاکستان نیشنل لیبارٹری اسلام آباد نے کیس کی تصدیق کردی


ویب ڈیسک May 15, 2022
پاکستان نیشنل لیبارٹری اسلام آباد نے کیس کی تصدیق کردی (فوٹو : فائل)

ملک میں پولیو وائرس کا تیسرا کیس سامنے آگیا، شمالی وزیرستان کے ایک سالہ بچے میں پولیو کیس کی تصدیق ہوئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی ادارہ صحت اسلام آباد میں واقع پاکستان نیشنل لیبارٹری نے تیسرے پولیو کیس کی باقاعدہ تصدیق کی ہے۔

وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ ایک اور بچہ عمر بھر کے لیے ایسی بیماری سے معذور ہوگیا ہے جس کا تدارک ممکن ہے، بحیثیت قوم پولیو کا خاتمہ نہ ہونا ایک بہت بڑا المیہ ہے، ایک بھی کیس ہمارے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کے لیے لازمی ہے کہ ہر مہم میں تمام بچوں کو حفاظتی قطرے ضرور پلوائیں جائیں۔

وزیر صحت نے کیس پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں بذات خود پولیو کے خاتمے کی کوششوں کی نگرانی کر رہا ہوں، میں نے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد خیبرپختونخوا کا دورہ کیا ہے اور متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی ہے اور ابھی مزید حساس اضلاع کا دورہ بھی کروں گا۔

اس حوالے سے وفاقی سیکریٹری صحت عامر اشرف خواجہ نے کہا کہ اس سال پولیو کے پہلے کیس رپورٹ ہونے کے بعد ہمیں مزید کیسز سامنے آنے کا خدشہ تھا کیونکہ وائرس کا پھیلاؤ زیادہ ہے، بدقسمتی سے اگر تما م بچوں تک ویکسین کی رسائی ممکن نہیں ہوتی تو کیسز کا خدشہ رہے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں