سرکاری اسکیم کے تحت 32 ہزار 453 عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے
حج اخراجات کا اعلان چند روز میں کیا جائے گا
لاہور:
وزارت مذہبی امور نے حج 2022 کے لیے سرکاری اسکیم کے تحت کامیاب حج درخواست گزاروں کا اعلان کردیا جس کے تحت 32 ہزار 453 عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گےجبکہ حج اخراجات کا اعلان چند روز میں کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود اور وفاقی وزیر ہاوسنگ مولانا عبدالواسع نے حج قرعہ اندازی کی تقریب میں خصوصی شرکت کی اور حج درخواست گزاروں کی قرعہ اندازی کی۔
حج 2022 کے لیے سرکاری اسکیم کے تحت وزارت مذہبی امور کو مجموعی طورپر آن لائن اور منتخب بینکوں کے ذریعے کُل 63،604 درخواستیں موصول ہوئیں۔ جس میں سے 40 فیصد سرکاری حج اسکیم یعنی 32،453 کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔
قرعہ اندازی میں 31 ہزار 253 درخواست گزار کامیاب قرار پائے جبکہ ایک ہزار کوٹہ ہارڈ شپ اور 200 حجاج کا کوٹہ لیبر کے لئے مختص کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رواں برس سعودی حکومت کی جانب سے کرونااور دیگر وجوہات کی بنا پر حج تعلیمات کے اعلان میں کافی تاخیر ہوئی ہے جبکہ حج اخراجات کا حتمی اعلان سعودی حکومت کے اعلان کے بعد جلد کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر مذہبی امور دورہ سعودی عرب کی وجہ سے قرعہ اندازی میں شریک نہ ہوسکے۔