سندھ میں اگر عمران خان کو کوئی خطرہ ہے تو ہم کارروائی کریں گے مراد علی شاہ

عمران خان نے جان سے مارنے کی دھمکی کا ذکر کیا، انہیں چاہیے کہ اپنی وصیت پبلک کریں، وزیر اعلیٰ سندھ


ویب ڈیسک May 15, 2022
—فائل فوٹو

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ لگتا ہے کہ عمران خان گھبرا گئے،اسی لیے انہوں نے جان سے مارنے کی دھمکی کا ذکر کیا، انہیں چاہیے کہ اپنی وصیت پبلک کریں، سندھ میں اگر عمران خان کو کوئی خطرہ ہے تو ہم کارروائی کریں گے۔

ایکسپو سینٹر میں مائی کراچی نمائش کی اختتامی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے ساتھ معاہدہ کے مطابق بلدیاتی قوانین میں ترامیم ہوں گی، ایم کیو ایم بڑی جماعت ہے اور ہم انہیں خوش آمدید کہتے ہیں۔

۔وزیر اعلیٰ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ تین برسوں میں عمران خان کی وجہ سے معیشت کا برا حال ہوا جبکہ عمران خان کسی چیز پر بات کرنے کو تیار نہیں، اگر انہوں نے کوئی ویڈیو بنائی ہے تو ابھی عوام کو کیوں نہیں دکھا رہے ہیں، عمران خان کو اپنی جان کی پرواہ ہےمگر لوگوں کی جان کی انہیں کوئی پرواہ نہیں۔


انہوں نے کہا کہ جب ایم کیو ایم ماضی میں عمران خان کے ساتھ تھی تو ٹھیک تھی اور اب غلط ہوگئی۔


ایم کیو ایم کے ساتھ ورکنگ ریلیشن شپ پر ان کا کہنا تھا کہ ہم ملکر بلدیاتی قوانین میں ترامیم کا جائزہ لیں گے، ایم کیو ایم بڑی جماعت ہے،اس وقت ہمیں مل جل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، سابق صدر آصف زرداری پہلے ہی میثاق معیشت کی بات کرچکے ہیں اور ہمیں اس وقت معاشی صورتحال کی بہتری کی جانب بھرپور توجہ دینا ہوگی۔


انہوں نے کہا کہ سندھ میں پانی کی قلت پر ہم نے مشترکہ مفادات کونسل میں اپنا کیس اٹھایا ہے اور اس ضمن میں وفاقی حکومت کو بریف بھی کیا ہے، جامشورو تا سہون سڑک کی ذمہ داری وفاق کی ہے، وفاق نے ہم سے اپریل 2017میں اس ضمن میں 7 ارب روپے مانگے تھے جو ہم نے ادا کردیے تھے تاہم یہ سڑک نہ بن سکی، 2018میں ہم نے وفاق سے کہا کہ ہمارے پیسے واپس کردیں تا کہ یہ سڑک ہم خود بنالیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں