پولیس غیر قانونی اسلحہ کے درجنوں ملزمان کا چالان جمع کرانے میں ناکام

عدالت نے چالان جمع نہ کرانے پر ملزمان کو رہا اورپولیس مقابلے جعلی قرار دینے کا عندیہ دے دیا۔


Arshad Baig March 03, 2014
مقدمات کے تفتیشی افسران کواظہاروجوہ کے نوٹس جاری کردیے گئے،لگتا ہے پولیس کے پاس شواہدموجودنہیں،عدالت ضلع غربی۔ فوٹو: فائل

پولیس افسران کی غفلت و لاپراوئی کے باعث ناجائز اسلحہ رکھنے کے الزام میں گرفتار درجنوں ملزمان کے خلاف چالان جمع نہ کرانے پر عدالت نے ملزمان کی رہائی کا عندیہ دیکر استغاثہ کو ملزمان کے خلاف چالان جمع کرنے کا آخری موقع دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ نے بڑھتی دہشت گردی اور قتل غارت گری کی روک تھام اور ملزمان کی سرکوبی کیلیے سندھ اسلحہ ایکٹ23-A(1) منظور کیا اور اس ایکٹ کے تحت7برس قید کو بڑھاکر 14برس مقرر کیا گیا، مقدمات سیشن ججز کو چلانے کا اختیار دیا گیا، عدالت عالیہ نے مقدمات کی سماعت کیلیے پانچوں اضلاع میں خصوصی عدالتیں قائم کرکے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ سیشن ججز کو مقدمات نمٹانے کے لیے تعینات کیا اور استغاثہ کو مقدمات میں گرفتار ملزمان کے خلاف چالان فوری عدالتوں میں جمع کرانے کی ہدایت کی تھی،لیکن پولیس کی غفلت و لاپراوئی اور جوڈیشل پالیسی کی خلاف ورزی کے باعث ضلع غربی کی عدالت میں زیر سماعت درجنوں مقدمات میں پولیس نے چالان جمع نہیں کرائے،عدالت کے جج نے ملزمان کو رہا کرنے سے قبل سرکاری وکیل سید شمیم احمد کو عدالت میں طلب کیا۔

سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ تھانہ پیر آباد، مدینہ کالونی نے ملزم سمیع اﷲ کو13دسمبر کو، محمد عمر اور احمد کو21 جنوری، زاہد حسین کو30جنوری، محمد جاوید ، سعید عرف شینا ،اسماعیل اور دیگر کو 11 فروری کو جبکہ عبداﷲ کو 26 نومبر کو ساتھیوں کے ہمراہ پولیس مقابلے اقدام قتل اور اسلحہ ایکٹ کے الزام میں گرفتار کیا تھاجنھیں عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے اور انکے خلاف چالان فوری عدالت میں جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔

فاضل عدالت نے کہا کہ پولیس جوڈیشل پالیسی کی خلاف ورزی کررہی ہے پولیس کی غفلت و لاپراوئی اور چالان جمع کرانے میں تاخیر سے ظاہر ہوتا ہے کہ پولیس مقابلوں اور ناجائز اسلحہ کے مقدمات میں شواہد موجود نہیں ہیں کیوں نہ ملزمان کو رہا کرکے پولیس مقابلے جعلی قرار دیے جائیں جس پر سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ تحریری طور پر اعلیٰ حکام کو آگاہ کردیا گیا ہے جواب آنے تک موقع دیا جائے جس پر فاضل عدالت نے آخری موقع دیکر مقدمات کے تفتیشی افسران کو اظہار وجوہ (شوکاز) نوٹس جاری کیے ہیں، وکیل سرکار نے کہا کہ حکومت نے غیرقانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی ہدایت کی ہے لیکن پولیس کی غفلت اور لاپروائی سے حکومتی مقاصد ناکام ہورہے ہیں،اعلیٰ پولیس افسران ماتحتوں کے خلاف غفلت لاپروائی برتنے پر سخت کارروائی کریں اور عدالتی حکم پر عمل کرائیں تو بہتر نتائج حاصل ہوسکتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |