قومی ٹیم نے بھارت کے خلاف تاریخی فتح حاصل کی سابق کرکٹرز

گرین شرٹس اعزاز کے دفاع میں کامیاب ہوجائینگے، آفریدی نے شاندار بیٹنگ کرکے فتح قوم کی جھولی میں ڈال دی ، راشد لطیف


Sports Reporter March 03, 2014
کامیابی نے پورے ملک کو متحد کردیا، عوام خوشی سے جھوم رہے ہیں، عالمی کرکٹ میں پاکستان کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا، شعیب اختر۔ فوٹو: فائل

سابق ٹیسٹ کرکٹرز نے بھارت کے خلاف فتح کو تاریخی قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان مسلسل دوسری بار ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔

راشد لطیف نے کہا کہ آفریدی کی پہچان ہی یہی ہے کہ وہ کسی بھی وقت میچ کا نقشہ بدل سکتے ہیں، انھوں نے اہم موقع پر شاندار بیٹنگ سے فتح قوم کی جھولی میں ڈال دی،ان کی اننگز مدتوں یاد رہے گی،سابق کپتان نے کہا کہ ابتدا میں احمد شہزاد اور شرجیل خان نے عمدہ بنیاد رکھی، مصباح الحق کے رن آئوٹ ہونے کے بعد محمد حفیظ اور صہیب مقصود نے اچھی شراکت سے فتح کا راستہ بنایا،آخر میں چند غلطیوں کے باعث بازی ہاتھ سے نکلتی نظر آرہی تھی لیکن آفریدی نے حواس قابو میں رکھے، محمد حفیظ نے بولنگ بھی بہت اچھی کی۔ راشد لطیف نے کہا کہ آفریدی لیگ اسپنر کے طور پر بھی ٹیم کی ضرورت ہیں،آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ میں سعید اجمل کے ساتھ پاکستان کے اہم ہتھیار ہونگے،ایشیا کپ میں ان کی بیٹنگ فارم نظر نہیں آرہی تھی جو ایک ایک اہم ترین میچ میں مشکل موقع پر واپس آئی۔

باسط علی نے کہا کہ دنیائے کرکٹ میں رچرڈ، برائن لارا سمیت عظیم کھلاڑی گزرے ہیں لیکن اللہ تعالی نے جتنی عزت شاہد آفریدی کو دی ہے وہ کسی اور کو نہیں مل سکی، انھوں نے کہا کہ شاہد آفریدی، یونس خان یا مصباح الحق بہت سے نیک اور فلاحی کام کرتے ہیں جس کی وجہ سے اللہ تعالی بھی انھیں عزت سے نواز دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کو بھارت کیخلاف میچ جتوانا آفریدی کا کارنامہ ہے،اس سے ان کی بیٹنگ پر جو سوال اٹھ رہے تھے وہ بھی ختم ہو گئے ہیں۔ باسط علی نے کہا کہ جاوید میانداد نے روایتی حریف کے خلاف شارجہ میں چھکا لگایا تو اس سے قبل سنگل توصیف احمد نے لیاتھا، اتوار کو یہ تاریخ پیسر جنید خان نے دہرائی ہے اور اہم موڑ کر ایک رن لے کر آفریدی کو بیٹنگ کا موقع فراہم کیا۔شعیب اختر نے کہا کہ بھارت کے خلاف کامیابی بڑی بات ہے، ٹیم کی اس فتح نے پورے ملک کو متحد کر دیا ہے اور عوام خوشی سے جھوم رہے ہیں۔

ایک سوال پرانھوں نے کہا کہ دنیائے کرکٹ میں پاکستان کا کردار بہت اہم ہے اور اسے کسی بھی صورت عالمی کرکٹ سے الگ تھلگ نہیں کیا جا سکتا، امید کرتا ہوں کہ بڑی کامیابی کے بعد قومی ٹیم ایشیا کپ بھی جیتنے میں کامیاب ہو جائے گا۔ شعیب اختر نے واضح کیا کہ پاکستان کا میچ دنیا کے ساتھ نہیں بلکہ اپنے ساتھ ہوتا ہے۔ پاکستان ٹیم خود ہی جیتتی ہے اور جب ہارتی ہے تو اپنی بے وقوفی کی وجہ سے ہارتی ہے۔ایک بار پھر کہوں گا کہ پاکستان دنیا کی بہترین ٹیم ہے جو کسی بھی وقت کچھ بھی کر سکتی ہے۔ سابق کپتان محمد یوسف نے کہا کہ بھارت کے خلاف جیت میں اوپنرز کو بھی کریڈٹ دینا جانا چاہیے، مصباح الحق کے رن آئوٹ ہونے کے بعد ٹیم مشکل میں دکھائی دی لیکن محمد حفیظ نے بیٹنگ کو سہارا دیا بعد میں شاہد آفریدی کی بیٹنگ نے پاکستان کو فتح دلادی۔ آل رائونڈر سہیل تنویر نے کہا کہ یہ پاکستانی ٹیم کی بڑی کامیابی ہے، کھلاڑیوں نے جس طرح کھیل پیش کیا اس کے بعد پر امید ہوں کہ پاکستانی ٹیم ایشیا کپ جیتنے میں کامیاب ہو جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں