ٹائیگر کے بچوں کی کتیا کے ساتھ کھیلنے اور دودھ پینے کی ویڈیو وائرل
مادہ ٹائیگر اپنے بچوں کو کئی وجوہات کی بنا پر چھوڑ دیتی ہے
کراچی:
چین میں ٹائیگر کے بچوں کی کتیا سے محبت نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ اپنی جانب مبذول کرالی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق چین کے چڑیا گھر میں مادہ ٹائیگر نے تین بچوں کو جنم دیا مگر جنم دیتے ہی انہیں خود سے دور کردیا اور دودھ پلانے سے بھی انکار کردیا۔
بچوں کی کمسنی کو دیکھتے ہوئے چڑیا گھر انتظامیہ نے بچوں کو لیبریڈر نسل کے کتیا کے قریب کیا، جس نے ٹائیگر کے بچوں کو فوری طور پر اپنایا اور ان کی بھوک بھی مٹائی۔
کتیا کے ساتھ بچوں کا لگاؤ اور اردگرد کھیل کود کی ویڈیو مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر ہوئی تو صارفین بھی ہکا بکا رہ گئے اور کتیا اور ٹائیگر کے بچوں کا آپس میں لگاؤ اور محبت کو قدرت کا کرشمہ قرار دیا۔
اصل ویڈیو 17 اپریل کو انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تھی جسے 16 ہزار سے زائد مرتبہ دیکھا گیا تھا۔
ایک صارف کا کہنا تھا کہ 'بچے اپنی نئی ماں سے بہت محبت کرتے ہیں' جبکہ ایک اور صارف نے کہا کہ 'ٹائیگر اور کتا دو الگ الگ جانور ہیں لیکن محبت دونوں میں ایک جیسی ہے'۔
نیشنل ٹائیگر کنزرویشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اگر بچے کمزور ہوں، زخمی یا بیمار ہوں تو ماں انہیں چھوڑ دیتی ہے جبکہ کچھ مائیں اپنے بچوں کو اس لیے چھوڑ دیتی ہیں کیونکہ چوٹ لگنے کی وجہ سے ان میں اپنے بچوں کو فیڈ کروانے کی صلاحیت نہیں رہتی۔