گیس بجلی پر50 فیصد سبسڈی دی جائے سوپ مینوفیکچررز

حکومت 6 ماہ کیلیے بجلی وگیس کے بلوں میں ایڈیشنل سرچارج بھی ختم کرے، شیخ الیاس


Business Reporter September 13, 2012
حکومت 6 ماہ کیلیے بجلی وگیس کے بلوں میں ایڈیشنل سرچارج بھی ختم کرے، شیخ الیاس فوٹو فائل

صابن سازی کی مقامی صنعت حکومت کی عدم توجہ، پٹرولیم مصنوعات اور یوٹیلٹیز ٹیرف میں مستقل اضافے کے باعث زبوں حالی کا شکار ہوگئی۔

صابن سازی کے بڑے مرکزفیصل آبادمیں بدترین لوڈشیڈنگ اور ہفتہ وار بنیادوں پر 3 روز کیلیے گیس کی بندش سے نہ صرف پیداواری استعداد گھٹ گئی ہے بلکہ بعض انڈسٹریز اپنے برآمدی آرڈرزکی تکمیل سے بھی قاصر ہو گئی ہیں۔ یہ بات پاکستان سوپ مینوفیکچررزایسوسی ایشن کے چیئرمین شیخ محمد الیاس نے ایسوسی ایشن کے سالانہ عشائیے سے خطاب کے دوران کہی۔ انھوںنے کہا کہ وفاقی بجٹ میں سوپ انڈسٹری کے بنیادی خام مال کی درآمدی ڈیوٹی میں بھی کسی قسم کی تخفیف نہیں کی گئی جس سے سوپ انڈسٹری کی مایوسی بڑھ گئی ہے۔

شیخ محمد الیاس نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ توانائی کے جاری بحران کی زد میں آنیوالی سوپ انڈسٹری کو آئندہ 6 ماہ کیلیے پاوراینڈ گیس ٹیرف میں 50 فیصد زرتلافی دینے کے علاوہ بجلی وگیس کے بلوں میں ایڈیشنل سرچارج کو ختم کرنے کا اعلان کرے تاکہ یہ شعبہ نقصانات کا ازالہ کرنے کے قابل ہو۔ انھوںنے کہاکہ افغانستان میں کسٹم ڈیوٹی کی کم شرح اسمگلنگ کا سبب ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت اسمگلنگ کی حوصلہ شکنی کیلیے موثر اقدامات کرے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں