کورس برانچ میں رشوت کا بازار گرم تنزلی کے شکار پولیس افسران کو سنیارٹی حاصل کرنے میں مشکلات

مبینہ طور پر پولیس افسران سے رشوت لیکر انھیں سینیارٹی دی جا رہی ہے، ذرائع


Raheel Salman March 03, 2014
مبینہ طور پر پولیس افسران سے رشوت لیکر انھیں سینیارٹی دی جا رہی ہے، پیسے نہ دینے والے افسران کی سروس بک پر مختلف اعتراضات لگا دیے جاتے ہیں، ذرائع۔ فوٹو: فائل

سینٹرل پولیس آفس میں قائم کورس برانچ کے کلرک مافیا کی شکل اختیار کرگئے ، برانچ میں رشوت خوری کا بازار گرم ہے اور خلاف ضابطہ ترقی پاکر تنزلی کا شکار اہلکاروں اور افسران کو دوبارہ اپنی سینیارٹی حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

ایسے افسران سے مبینہ طور پر لاکھوں روپے وصول کرکے انھیں سینیارٹی دی جارہی ہے ، کئی افسران یہی طریقہ اختیار کرتے ہوئے، مختلف تھانوں میں ایس ایچ او بھی تعینات ہوگئے جبکہ جو افسر ایسا نہیں کرتا اسے عدالتوں کے دھکے کھانے پر مجبور کردیا جاتا ہے ، متاثرہ افسران نے آئی جی سندھ سے نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ انھیں ان کا حق دلوایا جائے ، تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس کے آئی آئی چند ریگر روڈ پر قائم ہیڈ آفس میں قائم کورس برانچ میں رشوت خوری کا بازار انتہائی گرم ہے ، کورس برانچ کے کلرک ایک مافیا بن گئے ہیں، اس سلسلے میں چند افسران نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ سندھ پولیس میں خلاف ضابطہ ترقیاں پانے والے افسران و اہلکار جب سپریم کورٹ کے حکم پر تنزلی کا شکار ہوئے تو اس کے بعد انھوں نے دوبارہ سینیارٹی حاصل کرنے کی غرض سے کورسز کیے اور اپنی سینیارٹی طلب کی لیکن جب ان کی فائلیں کورس برانچ پہنچیں تو کلرک مافیا نے انھیں ان کا جائز حق دینے کے لیے بھی مبینہ طور پر ان سے لاکھوں روپے طلب کرنا شروع کردیے۔

ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ اس وقت ضلع غربی کے ایک انتہائی اہم تھانے میںتعینات ایس ایچ او کلرک مافیا کی جیب گرم کرکے ہی تھانیدار کی سیٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوا ہے ، جو افسر کلرک مافیا کی ڈیمانڈ پوری نہیں کرتا اس کی سروس بک پر مختلف اعتراضات لگا کر عدالتوں کے دھکے کھانے پر مجبور کردیا جاتا ہے، چند افسران نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اس سلسلے میں اپنی سینیارٹی حاصل کرنے والے متعدد افسران نے سروسز ٹریبونل میں درخواستیں دائر کر رکھی ہیں لیکن کورس برانچ کے کلرکس نے تاخیری حربے استعمال کیے جس کے باعث درخواستوں کی سماعت کا سلسلہ انتہائی طول پکڑتا جارہا ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں کورس برانچ کے شہاب اور موسیٰ انتہائی سرگرم ہیں جنھیں اعلیٰ افسران کی سرپرستی بھی حاصل ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں