پنجاب اسمبلی کے 25 ارکان کی نااہلی کے ریفرنسز پر فیصلہ محفوظ
اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی نے منحرف ارکان کے خلاف ریفرنس الیکشن کمیشن کو ارسال کیا تھا
ISLAMABAD:
الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے 25 ارکان کی نااہلی ریفرنسز پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن میں 25 منحرف ارکان پنجاب اسمبلی کے خلاف ریفرنسز کی سماعت چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔ سماعت کے دوران تحریک انصاف کی جانب سے بیرسٹر علی ظفر، وکیل فیصل چوہدری جبکہ منحرف ارکان کی جانب سے سلمان اکرم راجہ اور وکیل خالد اسحاق پیش ہوئے۔
فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد الیکشن کمیشن نے ریفرنسز پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ پہلے طے کیا گیا تھا کہ یہ فیصلہ کل بدھ کو سنایا جائے گا تاہم فیصلہ سنانے کا وقت تبدیل کردیا گیا۔
الیکشن کمیشن نے کاز لسٹ تبدیل کردی ہے جس کے بعد اب الیکشن کمیشن کی جانب سے ریفرنسز پر فیصلہ کل نہ سنانے کا امکان ہے، فیصلہ سنانے سے قبل فریقین کو نوٹسز جاری کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے پی ٹی آئی کے منحرف ارکان کے خلاف نااہلی ریفرنس الیکشن کمیشن کو ارسال کیا تھا۔