ہیٹ ویو کا خدشہ تعلیمی اداروں میں پرائمری کلاسز بند کرنے کا حکم
چھٹی سے اوپر تمام کلاسز کا دورانیہ بھی کم کردیا گیا، نجی تعلیمی اداروں کی مخالفت، ہنگامی اجلاس طلب کرلیا
ISLAMABAD:
ہیٹ ویو کی شدت کے خطرے کے پیش نظر اسلام آباد میں سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں پرائمری کلاسز بند کرنے اور چھٹی سے اوپر کلاسز کا دورانیہ کم کرنے کا حکم جاری کردیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد میں ہیٹ ویو کے تناظر میں پرایویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) نے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کو پہلی تا پانچویں کلاسز بند کرنے کے احکامات جاری کردیے۔ اس کے ساتھ ہی چھٹی سے اوپر تمام کلاسز کا دورانیہ 8 سے 11 کر دیا گیا ہے۔
تمام اسکولوں کو نوٹی فکیشن کے ذریعے مطلع کردیا گیا ہے جس پر مکمل عمل درآمد کی ہدایت دی گئی ہے۔ ایریا ایجوکیشن افسران کو تعلیمی اداروں کو ایڈوائزری پر مکمل عملدرآمد کروانے کا پابند کیا گیا ہے۔
نجی تعلیمی اداروں نے پرائمری کلاسز بند کرنے کی مخالفت کردی
دوسری جانب نجی تعلیمی اداروں نے اسکول بند کرنے کی مخالفت کی ہے۔ آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے صدر ملک ابرار حسین نے کہا ہے کہ پانچویں کلاس تک تعلیمی ادارے بند کرنے کا حکومتی فیصلہ ناقابل عمل ہے، پیرا کا یہ فیصلہ زمینی حقائق سے مطابقت نہیں رکھتا۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی فیصلے سے بدحالی کا شکار تعلیمی شعبہ مزید تباہی کا شکار ہوجائے گا، حکومت اس فیصلے پر نظرثانی کرے۔
پرائیویٹ اسکولز نے حکومتی فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔ پرائیویٹ اسکولزایسوسی ایشن سپریم کونسل کا اجلاس آج شام کو ہوگا جس میں سپریم کونسل کے تمام عہدے دار شریک ہوں گے۔