عالمیِ یومِ فشارِخون بلڈ پریشر کم کرنے والی غذائیں

پاکستان سمیت دنیا بھر میں بلڈ پریشر ایک ہولناک عارضہ بن چکا ہے لیکن غذا اور طرزِ زندگی میں تبدیلی اس کا علاج بھی ہے

کئی غذائی اجزا بلڈ پریشر کم کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ فوٹو: فائل

لاہور:
پاکستان سمیت دنیا بھرمیں عالمی یومِ فشارِ خون یا ورلڈ ہائپرٹینشن ڈے منایا جارہا ہے۔ بلڈ پریشر کا مرض خاموش قاتل کہلاتا ہے اور یہ تیزی سے پھیل رہا ہے۔

تاہم ورزش، تمباکو نوشی سے گریز، غذائی احتیاط اور بعض غذاؤں کو معمول کا حصہ بنا کر بلڈ پریشر پر قابو پایا جاسکتا ہے۔

'خاموش قاتل' کے نام سے جانی جانے والی یہ کیفیت دل کے دورے اور فالج کی وجہ بن سکتی ہے۔ اس کے علاوہ بلند فشارِ خون گردوں اور آنکھوں کے لیے خوفناک امراض کی وجہ بھی بن سکتا ہے۔ اگرچہ پاکستان میں ایسے مریضوں کے اعدادوشمار کا شدید فقدان ہے۔ لیکن نیشنل ہیلتھ سروے کے 18 فیصد نوجوان اور 45 سال سے زائد عمر کے 33 فیصد افراد بلڈ پریشر کے کسی نہ کسی طرح کے عارضے میں گرفتار ہیں۔

تاہم تمباکونوشی، ورزش اور بعض غذائیں کسی دوا کے بغیر بھی بلڈ پریشر کم کرنے میں انتہائی مفید ثابت ہوسکتی ہیں۔

چقندر

اگر آپ شوگر کے مریض نہیں تو چقندر کا رس بلڈ پریشر کو کم کرنے میں انتہائی اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ نارویئن ممالک میں لگ بھگ تین لاکھ افراد پر ایک سروے کیا گیا تھا۔ اس میں بلڈ پریشر کے ایسے مریضوں کا انتخاب کیا گیا جنہیں کسی قسم کی ذیابیطس لاحق نہ تھی۔

تمام شرکا کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا جن میں سے ایک گروہ کو نظرانداز کیا گیا اور دوسرے کو روزانہ ایک کپ چقندر کا رس دیا گیا۔ دسویں دن ہی بلڈ پریشر کے مریضوں میں افاقہ دیکھا گیا اور ان میں دس سے بیس یونٹ بلڈ پریشر کم ہونے لگا۔

کیلا


کیلا پوٹاشیئم سے بھرپور ہوتا ہے۔ 100 گرام کیلے میں 358 ملی گرام پوٹاشیئم موجود ہوتی ہے۔ پوٹاشئیم کی خاصیت ہے کہ نہ صرف بلڈ پریشر کو اعتدال میں رکھتی ہے بلکہ بڑھے ہوئے بلڈ پریشر کو بھی کم کرتی ہے۔ پوٹاشیئم ایک عنصر ہے جو خون کی رگوں کی اندرونی دیواروں کو پرسکون رکھتی ہے اور یوں کشادگی پیدا ہوتی ہے۔

اس طرح بلڈ پریشر کی سطح کم ہوتی ہے۔

ٹماٹر

ماہرین کہتے ہیں کہ ٹماٹر کا ایک گلاس رس پینا بلڈ پریشر معمول پر رکھنے کی سب سے بہتر قدرتی دوا ہے۔

ہیلتھ لائن نامی مشہور ویب سائٹ کے مطابق اس سے فشارِ خون کو قابو میں آسانی سے رکھا جاسکتا ہے۔ جاپانی ماہرین نے بعض افراد کو ایک سال تک روزانہ ٹماٹر کا ایک گلاس جوس پلایا جس میں نمک نہیں تھا۔ انہوں نے دیکھا کہ بلڈ پریشر میں نمایاں کمی واقع ہوئی، کولیسٹرول کم ہوا اور یوں خون کی نالیوں میں پلاک بھرنے سے تنگی کا رحجان بھی کم ہوتا ہے۔

وجہ یہ ہے کہ ٹماٹر میں کئی اقسام کے پولی فینولز اور دیگر مرکبات موجود ہوتےہیں۔

لہسن

برصغیرپاک و ہند میں عام استعمال کیا جانے والا لہسن 'جادوئی سبزی' بھی کہلاتا ہے۔ اس میں موجود ایک کیمیکل 'الیسین' کوٹ کوٹ کر بھرا ہوتا ہے جو فشارِ خون کو قابو میں رکھتا ہے۔ اس لیے لہسن کولیسٹرول کم کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کرتا ہے ۔ دوسری جانب یہ بلڈ پریشر بھی کم کرتا ہے۔
Load Next Story