ڈیرہ بگٹی میں ہیضے کی وبا 24 گھنٹوں میں 500 سے زائد افراد متاثر
صوبائی حکومت، محکمہ صحت وبا پر قابو پانے کے لیے متحرک ہے
بلوچستان کے علاقے ڈیرہ بگٹی کے گاؤں پیر کوہ میں گزشتہ 24 گھنٹے میں 500 سے زائد نئے مریض ہیضے کی وبا کا شکار ہوگئے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈیرہ بگٹی کے علاقے پیرکوہ میں ہیضے کی وبا کو کنٹرول کرنے کیلئے حکومتی کوششیں جاری ہیں۔ طبی ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد این جی اوز، محکمہ صحت کے حکام اور ڈاکٹروں کی مختلف ٹیمیں مصروف عمل ہیں جبکہپی ڈی ایم اے کی طرف سے مہیا کردہ امدادی سامان ڈیرہ بگٹی کے علاقے پیر کوہ میں تقسیم کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے وبا سے متاثرہ علاقے کا دورہ کیا اور کور کمانڈر نے آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ) میجر جنرل محمد یوسف مجوکہ کے ہمراہ علاقے میں جاری امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔
جنرل سرفراز علی نے بیماری سے جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔
کور کمانڈر نے سول اور ایف سی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ عوامی مسائل حل کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور علاج و معالجے کی سہولیات کو زیادہ سے زیادہ بہتر کیا جائے۔