سپریم کورٹ کے فیصلے کا مطلب ہے اسمبلیاں تحلیل اور حکومت ختم ہو گئی فواد چوہدری

اگر یہ فیصلہ تحریک عدم اعتماد سے پہلے آجاتا تو بہتر ہوتا، رہنما پی ٹی آئی فواد چوہدری


ویب ڈیسک May 17, 2022
فواد چوہدری (فوٹو فائل)

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے سپریم کورٹ کی رائے کو فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے بعد وفاق اور پنجاب کی حکومت عملی طور پر ختم اور اسمبلیاں تحلیل ہوچکی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چوہدری نے سپریم کورٹ کے آرٹیکل 63 اے سے متعلق رائے پر ردعمل دیتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ آج کے فیصلے کا مطلب ہے اسمبلیاں تحلیل اور حکومت ختم ہو گئی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ سپریم کورٹ کی رائے فیصلہ ہوتا ہے اور فیصلے سے کنفرم ہو گیا کہ یہ نااہل ہو گئے ہیں اور ان کا ووٹ اب شمار نہیں ہوگا۔

رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ وفاقی اور پنجاب حکومت عملی طور پر آج ختم ہو چکی ہیں، انہیں فوری طور پر عہدے چھوڑ دینے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلے کے بعد 25 منحرف ارکان کا ووٹ حمزہ شہباز کے ساتھ نہیں رہا بلکہ کسی کے پاس اکثریت نہیں صدر اسمبلی توڑ دیں کیوں کہ آج کے فیصلے کا مطلب ہے کہ اسمبلیاں تحلیل اور حکومت ختم ہوگئی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ملک نئے انتخابات کی طرف جارہا ہے لہذا چیف الیکشن کمشنر کو تبدیل ہونا چاہیے، اگر یہ فیصلہ تحریک عدم اعتماد سے پہلے آجاتا تو شاید بہتر ہوتا۔

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی معیشت کی انہوں نے چولیں ہلا دی ہیں، ڈیڑھ ماہ میں ہماری محنت کا انہوں نے بیڑا غرق کردیا ہے۔

مزید پڑھیں : آرٹیکل 63 اے کی تشریح: منحرف اراکین کا ووٹ شمار نہیں کیا جاسکتا، سپریم کورٹ

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے لیے صدارتی ریفرنس کی سماعت کرتے ہوئے منحرف اراکین کے ووٹ کو شمار نہ کرنے کا فیصلہ دیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں