سندھ کے بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کو کالعدم قرار دینے کے لیے ایم کیو ایم عدالت پہنچ گئی

ایم کیو ایم نے الیکشن کمیشن کی قانونی حیثیت کو بھی سندھ ہائی کورٹ میں چلینج کردیا

(فوٹو فائل)

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی قانونی حیثیت کو چلینج کرنے اور بلدیاتی انتخابات کو مؤخر کرنے کے لیے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایم کیو ایم نے سندھ ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں بے اختیار بلدیاتی سیٹ اپ کو 90 روز کے لیے ملتوی کرنے کی استدعا کی۔

یہ درخواست رکن صوبائی اسمبلی کنور نوید جمیل، سابق میئر کراچی وسیم اختر اور ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز کے سابق چیئرمینوں کی جانب سے طارق منصور ایڈوکیٹ کے توسط سے سندھ ہائی کورٹ میں دائر کی گئی۔


مزید پڑھیں: سندھ ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کی بلدیاتی انتخابات روکنے کی درخواست مسترد کردی

درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے ارکان مکمل نہیں اس لیے ای سی پی کو بلدیاتی انتخابات کے بارے میں فیصلے نہیں کرنا چاہیے، ایسی صورت میں عدالت الیکشن کمیشن کی جانب سے 29اپریل کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کالعدم اور غیر آئینی قرار دے۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا

ایم کیو ایم نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے شیڈول، ضلع کونسل کی حدود سمیت دیگر فیصلے غیر قانونی قرار دئیے جائیں۔ درخواست میں چیف الیکشن کمشنر، الیکشن کمیشن پاکستان، الیکشن کمیشن سندھ، چیف سیکریٹری سندھ اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
Load Next Story