وزیرخارجہ امریکا پہنچ گئے امریکی ہم منصب سے 18 مئی کو ملاقات طے

امریکا کے بعد بلاول بھٹو کا دورۂ چین کا بھی امکان ہے، وزیرمملکت


ویب ڈیسک May 17, 2022
فوٹو ایکسپریس نیوز

ISLAMABAD: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اہم سرکاری دورے پر امریکا پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ آج امریکی ہم منصب سے ملاقات کریں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر خارجہ سرکاری دورے پر نیویارک پہنچے، وہ اپنے دورے میں امریکی ہم منصب سمیت دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔

وزیر مملکت خارجہ امور حنا ربانی کھر نے بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری کا دورہ امریکا اہم ہے، دورے کے دوران اُن کی امریکی حکام سے اہم ملاقاتیں ہوں گی جبکہ وہ خوراک کی کمی والے ممالک میں پاکستان کے شمار ہونے کی وجہ سے گلوبل فوڈ سیکیورٹی کے اہم اجلاس میں شرکت کریں گے۔

حنا ربانی کھر نے بتایا کہ وزیر خارجہ اہم ملاقاتوں میں پاکستان کا موقف پیش کریں گے اور امریکی حکام کو باور کروائیں گے کہ پاکستان کبھی بھی تنازع کا حصہ نہیں بننا چاہتا اور ہر پلیٹ فارم کا مثبت استعمال کرنا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو مؤثر انداز میں اجاگر کریں گے جبکہ اُن کی امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سے ملاقات 18 مئی کو ہوگی۔

حنا ربانی کھر نے بتایا کہ ہم پاکستان کے مفادات کا خیال رکھیں گے، بلاول بھٹو زرداری کی جرمن اور اطالوی وفود سے بھی ملاقاتیں ہوں گی، دورۂ امریکا کے بعد بلاول بھٹو کا چین جانے کا بھی امکان ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں