آئی جی سندھ کو دعا زہرا کو بازیاب کرانے کا حکم

ایس ایس پی اے وی سی سی زبیر نذیر شیخ کو توہین عدالت کا نوٹس جاری

ایس ایس پی اے وی سی سی زبیر نذیر شیخ کو توہین عدالت کا نوٹس جاری

اسلام آباد:
سندھ ہائیکورٹ نے دعا زہرا کی کم عمری میں شادی اور مبینہ اغوا سے متعلق درخواست پر آئی جی سندھ کو بچی کو بازیاب کرانے کا ٹاسک دیتے ہوئے ایس ایس پی اینٹی وائلنٹ کرائم سیل (اے وی سی سی) زبیر نذیر شیخ کو توہین عدالت نے نوٹس جاری کردیے۔

جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو دعا زہرا کی کم عمری میں شادی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ دعا زہرا کو پیش نہ کرنے پر عدالت سخت برہم ہوگئی۔

جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیے کہ کیا ریاست اتنی کمزور ہوگئی اے جی صاحب۔ بچی ویڈیو بنا رہی ہے، پریس کانفرنس کر رہی ہے مگر پولیس کو نہیں مل رہی۔

یہ بھی پڑھیں: دعا زہرہ کے نکاح خوان کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا

جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ بچی کہاں ہے؟ تفتیشی افسر نے بتایا کہ مذکورہ پتے پر بچی نہیں ملی، اس کا مطلب ہے کچھ نہ کچھ تو گڑ بڑ ہے۔


تفتیشی افسر نے بتایا کہ ایس ایس پی ہیومین ٹریفیکنگ کانفرنس میں اسلام آباد گئے ہیں، دعا زہرا کی گرفتاری نہیں ہوئی۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ گرفتاری کا نہیں کہا ہم نے بچی کو صرف بلایا ہے۔ ایس ایس پی کانفرنس اٹینڈ کر رہا ہے، عدالت کا حکم اہم نہیں؟ عدالت نے ایس ایچ او الفلاح سے مکالمے میں کہا کہ انسانی اسمگلنگ رک نہیں رہی اور کانفرنس ہو رہی ہیں۔

تفتیشی افسر نے کہا کہ ہمیں وقت دے دیا جائے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ پولیس والے صرف پریس کانفرنس اور دعوے کر رہے ہیں۔

جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیے کہ ایک بچی نہیں مل رہی، ویڈیو آرہی ہیں۔ اے جی صاحب کیا ریاست اتنی کمزور ہوگئی ہے۔ ہمیں بچی چاہیے۔ یہ آپس میں گیم کھیل رہے ہیں۔

عدالت نے ایس ایس پی اے وی سی سی زبیر نذیر شیخ کو توہین عدالت کے نوٹس جاری کردیے اور آئندہ سماعت پر دعا زہرا کو پیش کرنے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے آئی جی سندھ کو دعا زہرا کو پیش کرنے کا ٹاسک دیتے ہوئے سماعت 24 مئی کے لیے ملتوی کردی۔
Load Next Story