لاہور میں لاوڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی پر 7 مقدمات درج
سٹی ڈویژن پولیس نے مجموعی طور پر 70 مقدمات درج کیے ہیں
NEW YORK:
لاہور سٹی ڈویژن پولیس نے نیشنل ایکشن پلان پر عمل پیرا ہوتے ہوئے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران لاوڈ اسپیکر اور کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر بالترتیب 7 اور 22 مقدمات درج کرلیے۔
تفصیلات کے مطابق سٹی ڈویژن پولیس نے مجموعی طور پر 70 مقدمات درج کیے ہیں جبکہ حساس مقامات کی ایس او پی کی خلاف ورزی پر 41 مقدمات کا اندراج کیا گیا۔
پولیس کے مطابق اسلام پورہ، لوہاری گیٹ، موچی گیٹ نیو انارکلی، شاہدرہ ٹاؤن، مصری شاہ، بادامی باغ، یکی گیٹ، راوی روڈ، لاری اڈہ، مستی گیٹ اور شفیق آباد میں کارروائیاں کی گئیں۔
انہوں نے بتایا کہ حساس مقامات اور وال چاکنگ کرنے والوں کی کڑی نگرانی اور سرچ آپریشنز کے دوران ہوٹل سراؤں سمیت بس اڈوں دکاندار اور گھروں کی سخت چیکنگ کی جا رہی ہے جبکہ دوران چیکنگ کرایہ داری کا اندراج نہ کروانے والوں کے خلاف کاروائیاں جاری رکھیں گے۔