خطیب مسجد الاقصٰی اسرائیلی شرانگیزیوں کے آگے ڈٹ گئے
مسجد اقصیٰ کا میرا دفاع اس وقت تک جاری رہے گا جب تک میں زندہ ہوں، شیخ عکرمہ صابری
لاہور:
مقبوضہ بیت المقدس کے سابق مفتی اعظم اور مسجد اقصیٰ کے مرکزی خطیب شیخ عکرمہ صابری نے کہا ہے کہ قابض اسرائیلیوں کا انہیں سفر سے روکنے کا فیصلہ انہیں خوفزدہ نہیں کرسکتا اور وہ الاقصیٰ میں تبلیغ جاری رکھیں گے۔
فلسطینی خبررساں ادارے صفا نیوز کے مطابق 83 سالہ شیخ عکرمہ نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ خدا کے فضل سے اس نے ہمیں نعمتوں سے نوازا ہے اور انشاء اللہ ہم اس بابرکت سرزمین کو کبھی نہیں چھوڑیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلیوں کا یہ غیر منصفانہ فیصلہ میری پوزیشن کو تبدیل نہیں کرے گا اور نہ ہی مجھے اپنے لوگوں اور اپنی قوم کیلئے مذہبی فریضہ ادا کرنے سے نہیں روکے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسجد اقصیٰ کا میرا دفاع اس وقت تک جاری رہے گا جب تک میں زندہ ہوں۔
واضح رہے کہ اسرائیلی قابض حکام نے شیخ عکرمہ صابری پر چار ماہ کے لیے بیرون ملک سفر کرنے پر پابندی عائد کی ہے۔ حکام کا دعویٰ ہے کہ شیخ عکرمہ اسرائیلی ریاست کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔
اس سے قبل اسرائیلی حکام نے شیخ کو گزشتہ برسوں میں ایک سے زائد مرتبہ سفر کرنے سے روکا ہے اور انہیں کئی مہینوں تک مسجد اقصیٰ میں داخل ہونے نہیں دیا۔