پاکستان کے خلاف بڑی سازش تیار کی جا رہی ہے خورشید شاہ
پاکستان کو ایسی کھائی میں دھکیلا جا رہا جہاں اندھیرا ہی اندھیرا ہے، رہنما پیپلز پارٹی
پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف بڑی سازش تیار کی جا رہی ہے، پاکستان کو ایسی کھائی میں دھکیلا جا رہا جہاں اندھیرا ہی اندھیرا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم خوشی سے اقتدار میں نہیں آئے، عوام، میڈیا سب نے عمران سے جان چھڑانے کی منت کی ہم نے آئینی طریقے سے عمران کو نکالا، ملکی مسائل کا تمام وزن اپنے اوپر لیا، ہم غیر آئینی راستے کی طرف نہیں گئے کہ کل لوگ کہیں کہ الیکٹڈ کو غیر آئینی طریقے سے نکالا۔
انہوں ںے کہا کہ اگر ہمیں اقتدار کا شوق ہوتا تو تین سال تک عمران خان کو چارٹر آف اکانومی کا نہ کہتے، پوری دنیا میں کہیں اپوزیشن یہ نہیں کرتی مگر حکومت ملک کے خلاف سازش کا حصہ تھی، جس نے ہماری آفر نہیں مانی۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف یہ سازش چالیس سال پہلے کی ہے، پاکستان کے خلاف سازش کے تحت عمران خان کو تیار کیا گیا، ہو سکتا ہے ورلڈ کپ جتوانا بھی سازش کا حصہ ہو کہ بندہ تیار کرنا ہے، ہم نے تو وزن کندھے پر اٹھایا، ہم نے تو اس لیے حکومت لی کہ ہمارا حال بھی سری لنکا جیسا نہ ہو جائے۔