عمران خان نے کہا تو آدھے گھنٹے میں پنجاب اسمبلی توڑ دوں گا پرویز الہٰی
منحرف ارکان اسمبلی عبرت کا نشان بن چکے، جہانگیر ترین اور حمزہ شہباز نے بہت پیسہ پھینکا لیکن کوئی کام نہیں آیا
کراچی:
اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ منحرف ارکان اسمبلی عبرت کا نشان بن گئے ان کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں، جہانگیر ترین اور حمزہ شہباز نے بہت پیسہ پھینکا لیکن پیسہ ان کے کوئی کام نہیں آیا۔
ایکسپریس نیوز سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں بعدازاں الیکشن کمیشن کو مبارک باد کہ انہوں نے جمہوریت کی بنیادیں مضبوط کیں۔
انہوں نے کہا کہ منحرف ارکان اسمبلی اپنی سوسائٹی اور گھروں میں عبرت کا نشان بن چکے ان کا اب کوئی سیاسی مستقبل نہیں، جہانگیر ترین اور حمزہ شہباز نے بہت پیسہ پھینکا لیکن پیسہ ان کے کوئی کام نہیں آیا۔
یہ پڑھیں : الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے منحرف 25 ارکان پنجاب اسمبلی کو ڈی سیٹ کردیا
حمزہ شہباز شریف کے وزیراعلیٰ بننے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ جس کام کی بنیاد ہی غلط ہو جو ریت پر گھر بنایا گیا ہو ان کا یہی حال ہوتا ہے اس میں یہ خود ہی دفن ہوجاتے ہیں اور ان کا نام و نشان مٹ جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں اول روز سے کہہ رہا ہوں کہ یہ الیکشن ہی غلط تھا اور یہ حلف بھی غلط تھا اور اب یہ ثابت ہوگیا، آئندہ کا لائحہ عمل یہ ہے کہ اب انہیں اٹھا کر باہر پھینکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : پنجاب اسمبلی میں کسی جماعت کے پاس اکثریت نہیں رہی
پرویز الہی کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کا امیدوار ہوں، گورنر کا حلف لینے کے بعد اگر عمران خان مجھے کہیں گے تو آدھے گھنٹے میں اسمبلیاں توڑ دوں گا۔