دوران پرواز طیارے میں بیٹی کی پیدائش پر والدین نے اس کا نام ’آسمان‘ رکھ دیا
بچی کی پیدائش زمین پر نہیں بلکہ ہوا میں اڑتے طیارے میں ہوئی تو والدین نے اسے مناسبت سے اس کا نام آسمان رکھا
امریکا میں دوران پرواز جہاز میں بچی کی پیدائش پر والدین نے اس کا نام اسکائے(آسمان) رکھ دیا۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی شہر ڈینور سے اورلانڈو شہر جانے والی ایئرلائن میں خاتون کے ہاں ننھی پری کی آمد ہوئی، بچی کی پیدائش زمین پر نہیں بلکہ ہوا میں اڑتے طیارے میں ہوئی تو والدین نے اسے مناسبت سے اس کا نام آسمان رکھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ شکیریا مارٹن نامی خاتون کو جہاز میں اچانک زچکی کا درد اٹھا، ایئرلائن عملے نے ہرممکن مدد کی اور فوری طور پر انہیں واش روم کی جانب لے گیا جہاں شکیریا نے خوبصورت سی بچی کو جنم دیا۔
بعد ازاں طیارے کو مقررہ منزل سے قبل قریبی ایئرپورٹ پر لینڈ کرایا گیا جہاں میڈیکل ٹیم نے بچے اور ماں کی دیکھ بھال کی۔
خیال رہے کہ دوران پرواز بچوں کی پیدائش کا واقعہ نیا نہیں اس سے قبل بھی متعدد بار مائیں بچوں کو جنم دے چکی ہیں لیکن یہاں دلچسپ امر یہ ہے کہ والدین نے اس کا نام منفرد رکھا ہے۔