ن لیگ اور اتحادیوں کا اجلاس وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز پر اعتماد کی قرارداد منظور

قرارداد میں اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہٰی پر عدم اعتماد کا اظہار کیا گیا


ویب ڈیسک May 22, 2022
حمزہ شہباز کی زیر صدارت مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس ہوا.

وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن) اور اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کے مشترکہ اجلاس میں وزیر اعلیٰ پر بھرپور اعتماد کے اظہار کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔

اجلاس میں پیش کردہ قرارداد میں صوبے کی ترقی کو روکنے اور حکومت کو آئینی ذمہ داریاں ادا کرنے میں رکاوٹیں ڈالنے کے غیر جمہوری اقدامات، گورنر کی تعیناتی کو روکنے کے غیر آئینی اقدامات کی بھی شدید مذمت کی گئی۔

قرارداد میں اسپیکر پرویز الہٰی کے خلاف عدم اعتماد کے لیے آئین میں مقرر کردہ 7 روز کی مدت پر عمل نہ کرنے کے اقدام کی بھی سخت مذمت کی گئی، پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اسپیکر پرویز الہٰی کی جانب سے ناجائز اختیارات استعمال کرتے ہوئے اپنے خلاف تحریک عدم اعتماد کو روکنے کے غیر آئینی اقدام کی بھی مذمت کی گئی۔

اجلاس کے دوران پیش کردہ قرارداد میں اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہٰی پر عدم اعتماد کا اظہار کیا گیا، اسپیکر کا اپنے عہدے پر رہنا غیر قانونی اور غیر آئینی ہے۔

پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں قرارداد رکن پنجاب اسمبلی رانا مشہور احمد نے پیش کی، تمام اراکین نے ہاتھ اٹھا کر قرارداد کی تائید کی۔ اجلاس میں مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور آزاد اراکین اسمبلی شریک ہوئے۔

اجلاس میں پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے حوالے سے حکمت عملی بھی طے کی گئی۔

پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں مریم نواز کے بارے میں عمران خان کے نازیبا ریمارکس کی شدید مذمت کی گئی۔ پارلیمانی پارٹی میں موقف اپنایا گیا کہ عمران خان نے سیاست میں بدتہذیبی اور بداخلاقی کے کلچر کو پروان چڑھایا۔

اجلاس میں صوبے کے عوام کے لیے سستے آٹے کی فراہمی پر وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز کے عوام دوست اقدام کو سراہا گیا۔ مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ اور رکن پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے بھی اجلاس سے خطاب کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں