ریاستی اداروں کیخلاف اشتعال انگیزی کے مقدمے میں عالمگیر خان کی ضمانت منظور

عالمگیر خان کے خلاف گلشن اقبال تھانے میں ریاستی اداروں کی خلاف اشتعال انگیز ی کا مقدمہ درج ہے

عالمگیر خان

عدالت نے تحریک انصاف کے مستعفی رکن قومی اسمبلی عالمگیر خان کی ریاستی اداروں کے خلاف اشتعال انگیزی سے متعلق مقدمے میں عبوری ضمانت منظور کرلی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف ملک بھر میں سیکیورٹی اداروں کا کریک ڈاؤن جاری ہے، گلشن اقبال تھانے میں بھی پی ٹی آئی کے مستعفی رکن قومی اسمبلی عالمگیر خان کے خلاف ریاستی اداروں کے خلاف اشتعال انگیزی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔


جس پر کراچی سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں پی آتی آئی کے مستعفی رکن قومی اسمبلی عالمگیر خان کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔

عدالت نے عالمگیر خان کی ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض عبوری ضمانت منظور کرلی اور پولیس کو 28 مئی تک عالمگیر خان کی گرفتاری سے روک دیا ہے جب کہ عالمگیر خان کو پولیس تفتیش میں شامل ہونے کا حکم دیا ہے۔

عدالت نے درخواست پر پراسیکیوشن اور تفتیشی افسر سے 28 مئی تک جواب طلب کرلئے۔
Load Next Story