کسٹمز نے بیرون ملک سے شراب کی اسمگلنگ ناکام بنا دی
لاہور ایئرپورٹ پر کسٹمز حکام نے دبئی سے آنے والے مسافر سے 8 لاکھ روپے مالیت کی غیر ملکی شراب برآمد کی
صوبہ پنجاب کے دارالحکومت میں قائم ایئرپورٹ پر کسٹمز نے کارروائی کرکے بیرون ملک سے لاکھوں روپے مالیت کی شراب اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور ایئرپورٹ پر کسٹمز حکام نے دبئی سے آنے والے مسافر سے 8 لاکھ روپے مالیت کی غیر ملکی شراب برآمد کی، شراب برآمد ہونے پر کسٹمز حکام نے مسافر کو گرفتار کر لیا۔
کسٹمز حکام کا کہنا ہے کہ مسافر سلمان احمد ایمرٹیس ائیر لائن کی پرواز 622 کے ذریعے لاہور ائیرپورٹ پر پہنچا تھا، کسٹمز عملے نے کاؤنٹر پر مسافر سلمان کے سامان کو چیک کیا تو شراب کی بوتلیں برآمد ہوئیں، ملزم سے تفتیش کا آغاز کردیا گیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھی کئی ملزمان شراب یا منشیات اسمگلنگ کی کوشش میں گرفتار ہوچکے ہیں۔