حکومت فسطائیت کا شکار ہوکر کارکنان کے گھروں پر چھاپے مار رہی ہے شاہ محمود قریشی

ملک میں فوری طور پر انتخابات کااعلان کیاجائے ہم عوامی فیصلہ قبول کرینگے، پی ٹی آئی رہنما

(فوٹو: ٹوئٹر)ملک میں فوری طور پر انتخابات کااعلان کیاجائے ہم عوامی فیصلہ قبول کرینگے، پی ٹی آئی رہنما

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ملک بھر میں پارٹی رہںنماؤں اور کارکنان کی گرفتاریوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ملک میں فوری طور پر انتخابات کااعلان کیاجائے ہم عوامی فیصلہ قبول کرینگے۔

پاکستان تحریک انصاف کے سینئر وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر نے سابق وفاقی وزیر عمر ایوب کے ہمراہ آفیسرز میس پشاور میں ہنگامی پریس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے جو اقدامات اٹھائے جارہے ہیں وہ فسطائیت کی نشانی ہیں، ہمارے رہنماؤں اور کارکنان کے گھروں پر بلاجواز چھاپے مارے جارہے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنماء شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت پرامن احتجاج کی راہ میں دیوار کھڑی کرنا چاہتی ہے، احتجاج ہمارا قانونی و جمہوری حق ہے، پی ٹی آئی نے اپنے دورِ حکومت میں کسی کو احتجاج، لانگ مارچ سے نہیں روکا۔ بلاول بھٹو، مریم نواز اور مولانا فضل الرحمن نے لانگ مارچ کیے کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی گئی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سیاسی حکومتیں ایک دوسرے کوبرداشت کرتی ہیں، عمران خان کل پشاور سے روانہ ہوں گے اور اسلام آباد پہنچیں گے۔ پی ٹی آئی کے کارکنان چھپ کر پہنچیں، نہیں تو ہر شہر چوک سرینگر ہائی وے بن جائے گا۔


انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت فیصلہ سازی نہیں کرپا رہی، پنجاب مفلوج ہے۔ عوام فیصلہ کرے کہ کس کا بیانیہ درست ہے۔ طاقت کے بل بوتے پر حکومت توچلائی جاسکتی ہے ملک نہیں، اس تمام معاملے میں فوج کے غیر جانبدار رہنے کا خیر مقدم کرتے ہیں اور ہم سمجھتے ہیں کہ تمام اداروں کواپنی آئینی حدودمیں رہتے ہوئے ہی کام کرناچاہیے۔

شاہ محمود نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی کوئی قانونی حیثیت نہیں وہ قانونی راستہ اپنائیں، ہماری تحریک اب پی ٹی آئی تک محدود نہیں قومی تحریک بن چکی ہے۔ پولیس کو استعمال کرتے ہوئے خواتین اور بچوں کو ہراساں کی جارہاہے مارچ تو ہوگا۔

سابق وزیر خارجہ نے حکومت کو متنبہ کیا کہ اگر ہمیں روکا گیا تو اپنا راستہ بنائیں گے، ملک میں انتخابات کرائے جائیں ہم ہر قسم کے نتائج قبول کرینگے۔ ملک میں شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کرائے جائیں، ہم شفاف انتخابات کے لیے حکومت سے بات کرنے کے لیے تیار ہیں۔

اس موقع پر پی ٹی آئی کے مرکزی جنرل سیکرٹری اسد عمر نے کہا کہ ہم اپنے کارکنان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں کہ وہ فسطائیت کے خلاف کھڑے ہیں، خوفزدہ امپورٹیڈ حکومت بوکھلاہٹ کاشکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 75 سالہ ایم پی اے خاتون کو پکڑا گیا جبکہ علامہ اقبال کی بہو کے گھر چھاپا مارا گیا۔ ہماری حکومت نے ملک میں 16 ارب ڈالر کے ذخائر چھوڑے کو اب 6.5 ارب ڈالر سے کم وہ گئے ہیں۔
Load Next Story