قوم اسلام آباد آرہی ہے رانا ثنا اپنی اجازت اپنے پاس رکھیں شیریں مزاری

’کل دیکھیں کیا ہوتا ہے‘ رہنما پی ٹی آئی شیریں مزاری کا وفاقی وزیر داخلہ کو واضح پیغام

رانا ثناءاللہ اور شیریں مزاری

کراچی:
سابق وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے لانگ مارچ کی اجازت سے متعلق کہا ہے کہ رانا ثناءاللہ یا کابینہ سے کسی نے اجازت نہیں مانگی، عوام اسلام آباد آرہی ہے وزیر داخلہ اپنی اجازت اپنے پاس رکھیں۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ لاکھوں لوگ اسلام آباد آئیں گے انہیں ان کی اجازت کی ضرورت نہیں.

صحافی نے رہنما تحریک انصاف سے سوال کیا کہ رانا ثنا اللہ نے لانگ مارچ کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے، جس پر شیریں مزاری نے جواب دیا کہ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ یا کابینہ سے اجازت کس نے مانگی ہے، قوم اسلام آباد آرہی ہے رانا ثنا اپنی اجازت اپنے پاس رکھیں۔


صحافی کے سوال راستے بند کیے جارہے ہیں کیسے اسلام آباد پہنچیں گے؟ کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ کل دیکھیں کیا ہوتا ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران شاہ محمود قریشی کو آنے والی کال سے متعلق صحافی کے سوال پر سابق وزیر انسانی حقوق کا کہنا تھا کہ میں نے تو کوئی کال نہیں سنی البتہ وہ ٹی وی چینلز پر سب نے سن لی ہے۔

میڈیا نمائندوں کی جانب سے ڈاکٹر شیریں مزاری سے مزید پوچھا گیا کہ کیا شاہ محمود قریشی کو کی جانے والی کال دھمکی آمیز تھی یا پیار محبت والی کال تھی جس پر انہوں نے جواب دیا کہ مجھے نہیں پتہ کیا کال تھی جوبھی تھی ٹی وی سے پتہ چلا ہے۔

 
Load Next Story