جنگ کے فوری خاتمے کے لیے روسی صدر سے ملاقات کرنے کو تیار ہوں زیلنسکی

صدر زیلنسکی نے ایک بار پھر مغربی ممالک سے اسلحہ فراہم کرنے کا مطالبہ کردیا

یوکرین کے صدر نے ویڈیو لنک خطاب کیا، فوٹو: فائل

کراچی:
یوکرین کے صدر ولوودیمیر زیلنسکی نے روسی صدر پوٹن سے ملاقات پر رضامندی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اس سے جنگ کا خاتمہ ممکن ہے تو میں تیار ہوں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرین کے صدر ولوودیمیر زیلنسکی نے 'دی ورلڈ اکنامک فورم' سے ویڈیو لنک خطاب میں کہا کہ روس کے ساتھ کسی بھی قسم کی بات چیت کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے البتہ روسی صدر کے ساتھ ملاقات سے جنگ کا خاتمہ ہوسکتا ہے تو میں ان سے ملاقات کرنے کو تیار ہوں تاہم روسی فیڈریشن سے آنے والے کسی وفد یا فرد سے بات نہیں کروں گا۔

یوکرین کے صدر نے مزید کہا کہ روس کا یوکرینی شہریوں کے خلاف تشدد اور کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس لیے دوست ممالک یوکرین کی مدد کے لیے ہتھیار دیں اور روس کے خلاف زیادہ سے زیادہ پابندیاں لگائیں۔


صدر زیلنسکی نے مغربی ممالک سے شکوہ کیا کہ اگر بروقت 100 فیصد ضروریات کا سامان مل جاتا تو یوکرین میں ہزاروں جانیں بچائی جاسکتی تھیں۔ ہم اپنی آزادی کے لیے بڑی قیمت ادا کر رہے ہیں۔

 

 
Load Next Story