کہوٹہ میں پہاڑی تودہ گرنے سے 4 خواتین جاں بحق اور 3 زخمی
حادثے میں جاں بحق ہونے والی خواتین کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ زخمیوں کا علاج جاری ہے
کراچی:
صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی کی تحصیل کہوٹہ میں پہاڑی تودہ گرنے سے 4 خواتین جاں بحق اور تین زخمی ہوگئیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کہوٹہ کے نواحی علاقے نرڑ میں پہاڑی تودہ گرنے کا واقعہ پیش آیا جس میں چار خواتین زندگی کی بازی ہار گئیں جبکہ 3 زخمیوں کا مقامی اسپتال میں علاج جاری ہے۔
تمام خواتین پہاڑ سے نکلنے والے چشمے سے پینے کا صاف پانی بھر رہی تھیں کہ اچانک پہاڑی تودہ گرنے سے وہ مٹی تلے دب گئیں، مقامی افراد نے ریسکیو عملے کی مدد سے متاثرہ خواتین کو تلاش کرکے کہوٹہ تحصیل ہیڈ کوارٹرز اسپتال منتقل کیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق پہاڑی تودہ گرنے سے جاں بحق ہونے والی خواتین میں 50 سالہ گلفرین، 30 سالہ نمرا بی بی، 21 سالہ عائشہ جاوید اور 42 سالہ شبنم بی بی شامل ہیں۔ تمام لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹرز اسپتال منتقل کردیا ہے۔
واقعے میں زخمی ہونے والی تین خواتین میں 14 سالہ ایمان محبوب، 40 سالہ صوبیہ بی بی اور 17 سالہ علیشہ شامل ہیں، تینوں زخمیوں کو بھی اسپتال منتقل کردیا جبکہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔