صدرممنون کے اہلخانہ کی رہائش کیلیے نئی تعمیرات تعطل کا شکار

اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں ہونا تھیں،پرانے کنٹریکٹرنے واجبات کیلیے قانونی نوٹس بھیج دیا۔


Adil Jawad March 04, 2014
اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں ہونا تھیں،پرانے کنٹریکٹرنے واجبات کیلیے قانونی نوٹس بھیج دیا۔ فوٹو: فائل

اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں صدر ممنون حسین کے اہل خانہ کی رہائش کے لیے کی جانے والی تعمیرات تعطل کا شکار ہوگئی ہیں، گزشتہ دور حکومت میں22 کروڑ روپے کی لاگت سے تزئین و آرائش کرنے والے نجی کنٹریکٹر نے ادائیگی سے پہلے نئی تعمیرات کو روکنے کیلیے پاک پی ڈبلیو ڈی کو قانونی نوٹس بھیج دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی سے تعلق رکھنے والے ن لیگ کے رہنما ممنون حسین کی جانب سے صدرمملکت کا عہدہ سنبھالنے کے بعدان کے اہل خانہ نے کراچی میں غیرملکی سربراہ مملکت اور دیگر معزز مہمانوں کے لیے تعمیرکیے گئے اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں سکونت اختیارکرلی تھی،ذرائع نے بتایاکہ وزارت خارجہ نے اس سلسلے میں اعتراض کیا تھا جس پر ن لیگ کے سربراہ وزیراعظم نوازشریف کی مداخلت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ صدرمملکت کے اہل خانہ کے لیے اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس کی انیکسی کومخصوص کردیا جائے تاہم صدرکے اہل خانہ انیکسی میں ان کی خواہش کے مطابق تعمیرات ہونے تک اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس کے 2 مرکزی کمروں میں ہی مقیم رہیں گے۔

اس سلسلے میں پاک پی ڈبلیوڈی کی جانب سے تیارکردہ پی سی ون پروزارت خارجہ کے اعتراض کے بعد نظر ثانی کی گئی اور اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس کی انیکسی کی ایک مرتبہ پھرتزئین وآرائش کے لیے تیار کردہ پی سی ون کی مالیت میں کئی گناکمی کرکے 27 لاکھ روپے کا پی سی ون تیارکیاگیا،ذرائع نے بتایاکہ پاک پی ڈبلیوڈی کے انجینئر نے انیکسی میں تعمیرات کاآغازکیا ہی تھا کہ گزشتہ دورحکومت میں 22 کروڑ روپے کی لاگت سے اسٹیٹ گیسٹ کی تزئین وآرائش کرنے والے نجی کنٹریکٹر نے پاک پی ڈبلیو ڈی کو قانونی نوٹس بھجوادیا ہے جس میں ان سے مطالبہ کیا ہے کہ تزئین وآرائش کی ادائیگی کیے جانے تک اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں تعمیرات نہیں کی جائیں، واضح رہے کہ اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں گزشتہ دور میں ہونے والی تعمیرات کی ادائیگی سے پہلے ہی قومی احتساب بیورو نے اس میں پائی جانے والی بے قاعدگیوں کا نوٹس لے کر تمام ادائیگیاں رکوا دی تھیں اور تاحال نیب کی جانب سے اس سلسلے میں تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں