حکومت کا مافیا کے خلاف طبل جنگ نئی عمارتوں پر کیو آر کوڈ لازمی قرار

شہری اسمارٹ فون کے ذریعے عمارت کی قانونی حیثیت معلوم کر سکیں گے


Staff Reporter May 25, 2022
غیر قانونی عمارت تعمیر کرنے والوں کے خلاف کارروائی کر کے سزائیں دلوائی جائیں گی ۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: سندھ حکومت نے کراچی شہر میں پانی کی چوری، غیر قانونی عمارتوں اور سرکاری زمینوں پر تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی کا فیصلہ کر لیا۔

یہ فیصلہ چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت کی صدارت میں اہم اجلاس میں ہوا، اجلاس میں وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ، ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن، سیکریٹری بلدیات سید نجم شاہ، ایم ڈی واٹر بورڈ، ڈی جی ایم ڈی ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی، ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی، رینجرز اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔

اجلاس میں تجاوزات، پانی کی چوری، غیر قانونی عمارتیں اور منشیات پر بریفنگ دیتے ہوئے متعلقہ حکام نے بتایا کے شہر میں ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی، کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور لیاری ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی زمینوں پر مختلف علاقوں میں غیر قانونی قبضے کیے گئے ہیں اور مختلف وقتوں میں ان تجاوزات کے خلاف آپریشن بھی کیے گئے ہیں مگر یہ تجاوزات دوبارہ ہوجاتی ہیں۔

شہر میں سرکاری زمینوں پر غیر قانونی تجاوزات کے خلاف سخت آپریشن کا فیصلہ کیا گیا اور ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی، کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور ایل ڈی اے کی زمین پر تجاوزات کی رپورٹ جمعہ تک طلب کی گئی ہے۔

اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت نے کہا کہ رپورٹ کے بعد شہر میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور اس آپریشن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا کہ جامع پلان بنا ایم ڈی اے، کے ڈی اے اور دیگر سرکاری زمینوں پر قبضے ختم کرانے جائیں گے ، ان مقامات کی جیو ٹیگنگ بھی کی جائے گی، اجلاس میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کے شہر میں اس وقت 6000 غیر قانونی عمارتیں ہیں، چیف سیکریٹری نے تمام غیر قانونی عمارتوں کی رپورٹ طلب کر لی، اجلاس میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے منظور شدہ عمارتوں پر کیو آر کوڈ لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔

چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت نے کہا کہ عوام کی سہولت کے لیے کیو آر کوڈ ہر تعمیر ہونے والی عمارت پر لازمی آویزاں کیا جائے گا اور لوگ اپنے سمارٹ فون کے ذریعے عمارت کی قانونی حیثیت معلوم کرسکیں گے۔

اجلاس میں سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ غیر قانونی عمارت تعمیر کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کر کے سزائیں بھی دلوائی جائیں گی، قانون میں اس جرم کی سزا اور جرمانہ کم ہے جس پر بھی نظرثانی کی جائے گی۔

اجلاس میں پانی چوری کے حوالے سے صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے کہا کے کراچی میں واٹر بورڈ کے سسٹم سے پانی سب سے زیادہ چوری ضلع ویسٹ میں ہو رہا ہے جس پر چیف سیکریٹری سندھ نے ایم ڈی واٹر بورڈ سے بھی جمعہ تک ان تمام افراد اور علاقوں کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس، رینجرز اور ضلعی انتظامیہ تجاوزات اور پانی چوری کے خلاف ایکشن میں حصہ لیں گے، اینٹی انکروچمنٹ فورس کو بھی مزید عملہ اور اختیارات دیے جائیں گے۔

انھوں نے ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ کو اس حوالے سے جامع سمری بنانے بنانے کی ہدایت کردی، اجلاس میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے حکومت سندھ کے ڈپٹی کمشنرز کی سربراہی میں قائم کمیٹیوں کو بھی فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں