کراچی میں انٹرنیشنل تھیٹرفیسٹیول کی افتتاحی تقریب آج ہوگی

باقاعدہ آغاز5 مارچ سے ناپا آڈیٹوریم میں نصیرالدین شاہ کے ڈرامے عصمت آپا سے ہوگا


Pervaiz Mazhar March 04, 2014
کراچی: بھارتی اداکار نصیر الدین شاہ ڈرامہ ’’عصمت آپا‘‘ کے بارے میں معلومات فراہم کررہے ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

پاکستان میں تھیٹر کے فروغ میںنیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس(ناپا) نے گزشتہ3سال میں اہم کردارادا کیا ہے۔

ادارے نے پاکستان میں معیاری اوربہترین تھیٹرسے عوام میں شعورپیدا کیا، اسی وجہ سے کراچی میں تھیٹر کو زیادہ اہمیت حاصل ہوگئی اورتھیٹر عوام وخواص میں زبردست مقبولیت حاصل کرچکا ہے۔ ناپانے ملکی اورغیر ملکی مصنفین کے لکھے ہوئے ڈرامے پیش کرکے انھیں خراج تحسین پیش کیا۔ دنیاکے وہ ممالک جہاں تھیٹر سب سے زیادہ پسندکیا جاتاہے، ان کی خواہش تھی کہ وہ پاکستان آکر تھیٹرکریں۔ ناپا نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان تھیٹرکو ایک مقام دلانے کے لیے کراچی میں پہلی مرتبہ انٹرنیشنل تھیٹرفیسٹیول کے انعقادکا فیصلہ کیا۔ ناپاکے سربراہ اوربین الاقوامی شہرت یافتہ فنکارکمپیئر ضیامحی الدین نے پاکستان میں تھیٹرفیسٹیول کے انعقادمیں اہم کردارادا کیا۔ آج اس کی افتتاحی تقریب ہے۔ فیسٹیول کا باقاعدہ آغاز 5مارچ سے ناپاآڈیٹوریم میںبھارت کے عالمی شہرت یافتہ ادکار، ہدایت کار نصیرالدین شاہ کے ڈرامے ''عصمت آپا'' سے ہوگا جوبھارت کے علاوہ دنیاکے دیگر ممالک میں کامیابی سے پیش کیا جاچکا ہے۔

ادکار نصیرالدین شاہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میری خواہش تھی کہ میں پاکستان میںناپا کے تحت ہونے والے ڈرامے میںحصہ لوں۔ ضیامحی الدین نے مجھے اس فیسٹیول میں شرکت کی دعوت دے کرمیری اس خواہش کوپورا کردیا۔ فیسٹیول 27 مارچ تک جاری رہے گا۔ اس میںبھارت، نیپال، برطانیہ، جرمنی کے علاوہ پاکستان کے مشہور ڈراماگروپ اجوکاتھیٹر، تحریک نسواںاور ناپاکے16ڈرامے پیش کیے جائیںگے۔ پیش کیے جانیوالے مشہورڈراموں میں عصمت آپا، پرنسزاینڈ دی گارڈن، اسٹیمپیڈ، بلیک شرٹ، کلیکشن، رنگ دے بسنتی، لوپھر بسنت آئی، راگنی، اکسوٹھ، رومی بازارانڈیا، منٹومیرا دوست، بھلااینڈ بھلاقابل ذکرہیں۔ ناپا کے ڈائریکٹرزین احمدنے کہاکہ کراچی میں انٹرنیشنل تھیٹر فیسٹیول خوش آئندہے۔

اس سے پاکستان کا امیج بہتر ہوگا۔ ہم ملک کے بہترین ٹیلنٹ کو دنیاکے سامنے پیش کرسکیں گے۔ فیسٹیول میںشرکت کیلیے دنیابھر سے مندوبین آرہے ہیں۔ جبکہ ارشدمحمودکا کہناہے کہ یہ ہمارے لیے اعزازہے کہ ہم پاکستان میںعالمی معیارکا تھیٹرپیش کرنے جارہے ہیں۔ نتاشا نے کہا کہ میرے پاس الفاظ نہیں کہ میں اپنے جذبات بیان کرسکوں۔ ناپا میں پرفارم کرنا میرے لیے ایسا ہے جیسے میرا کوئی سہانا سپنا پورا ہوگیا۔ ناپا کے پہلے بیچ کے گریجویٹ علی رضوی کو محض دو ہفتے قبل ایک فنکار کے اچانک الگ ہوجانے پر بلایا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ کردار چھوٹا یا بڑا نہیں ہوتا پرفارمنس اسے یادگار بناتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔