اسمبلیوں کی تحلیل اورالیکشن تاریخ کے اعلان تک اسلام آباد میں ہی رہیں گے عمران خان

حکومت کے ساتھ کسی قسم کی ڈیل کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، عمران خان


ویب ڈیسک May 25, 2022
آج ہم نے امریکی غلاموں سے نجات حاصل کرنی ہے، عمران خان۔ فوٹو:سوشل میڈیا

LOS ANGELES: تحریک انصا ف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ چوروں کا ٹولہ امریکا کے نوکر عوام سے خوفزدہ ہو چکے ہیں، اسمبلیوں کی تحلیل اورالیکشن تاریخ کے اعلان تک اسلام آباد میں ہی رہیں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا قافلہ اسلام آباد میں داخل ہوگیا، اس سے پہلے جب قافلہ اٹک پل پر پہنچا توان کے پہنچنے سے پہلے ہی کارکنان پر پولیس نے لاٹھی چارج اور شیلنگ شروع کردی۔ عمران خان نے سوشل میڈیا پر بیان میں کسی قسم کے معاہدے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے ساتھ کسی قسم کی ڈیل کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، ہم اسلام آباد کی جانب بڑھ رہے ہیں، اسمبلیوں کی تحلیل اورالیکشن تاریخ کے اعلان تک اسلام آباد میں ہی رہیں گے۔

اس سے قبل عمران خان کا قافلہ صوابی ریسٹ ایریا پہنچا جہاں عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ چوروں کا ٹولہ امریکا کے نوکرعوام سے خوفزدہ ہو چکے ہیں، غلام حکومت نے ہمارے لوگوں کو گرفتار کیا، اس کے برعکس مولانا فضل الرحمان اور بلاول بھی لانگ مارچ کر چکے ہیں، مریم نواز بھی لانگ مارچ کرنے نکلی تھیں لیکن ہم نے کسی لانگ مارچ میں خلل پیدا نہیں کیا، ہم پرامن احتجاج کریں گے اور ڈی چوک پہنچیں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کارکنان رکاوٹیں ہٹانے کے لیے تیار ہیں اور انہوں نے ہر قسم کی رکاوٹیں ہٹا کر اسلام آباد پہنچنا ہے، ہم ملک کو اکھٹا کرکے آزاد قوم بنائیں گے، مضبوط قوم امپورٹڈ حکومت کو تسلیم نہیں کرے گی، سب نے ملک کو آزفاد کرنے کےلیے نکلنا ہے۔

'ساری قوم ڈی چوک پہنچے'

سربراہ تحریک انصاف نے عوام سے اپیل کی کہ میں ایک گھنٹے میں ڈی چوک پہنچ رہا ہوں، ساری قوم اور باالخصوص اسلام آباد اور راولپنڈی کے شہری ڈی چوک پہنچیں۔

اس سے قبل تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پشاور سے روانہ ہونے سے قبل اپنا ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ولی انٹرچینج پہنچ رہا ہوں، سب لوگ ولی انٹرچینج پہنچیں، میری قیادت میں آزادی مارچ اسلام آباد روانہ ہوگا۔



چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم حقیقی آزادی لے کر رہیں گے، کارکن تمام رکاوٹیں ہٹاکر اسلام آباد پہنچیں، آج عوام کا سمندر اسلام آباد آرہا ہے، آج کی تحریک حقیقی آزادی کی تحریک ہے، آج ہم نے امریکی غلاموں سے نجات حاصل کرنی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں