کراچی فائرنگ کے واقعات میں مزید2افراد ہلاک لیاری میں گینگ وار شدت اختیار کر گئی

سنگو لین، دھوبی گھاٹ، شاہ بیگ لین اور چاکی واڑہ میں بم دھماکے، کلاکوٹ میں میڈیکل اسٹور پر فائرنگ، پولیس اور رینجرزغائب


Staff Reporter March 04, 2014
منگھوپیر، کورنگی، پی آئی بی، اورنگی میں فائرنگ، لی مارکیٹ میں پٹرول پمپ ملازمین کوپیسے مانگنے پرگولیوں سے بھون دیا گیا فوٹو: پی پی آئی

شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں 2 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

لیاری میں گینگ وار پیر کو بھی جاری رہی، دونوں گروپوں نے ایک دوسرے پر جدید ہتھیاروں سے فائرنگ کی اور دستی بم حملے کیے۔ منگھوپیر کے علاقے اٹک پٹرول پمپ کے قریب مسلح ملزمان نے کار نمبر J-1380 پر فائرنگ کردی جس سے کارمیں سوار 45 سالہ راؤ شاہد ہلاک ہو گیا، مقتول سیکٹر11C-1 سرسیدٹاؤن نارتھ کراچی کا رہائشی تھا۔ نیپیئر تھانے کی حدود لی مارکیٹ نورانی بس اسٹاپ پر موٹرسائیکل سوارملزمان کی فائرنگ سے پٹرول پمپ کیشیئر36 سالہ عبدالخالق اور ملازم45 سالہ محمد صفیر زخمی ہو گئے، ایس ایچ او اعظم خان نے ایکسپریس کو بتایا کہ نورانی بس اسٹاپ کے قریب واقع پٹرول پمپ پرموٹرسائیکل سوارملزمان آئے اور پٹرول دلوانے کے بعد جا نے لگے پٹرول پمپ ملازم نے رقم کا تقاضا کیا تو ملزمان نے فائرنگ کردی اور فرار ہو گئے۔ کورنگی میں مرتضیٰ چورنگی کے قریب فائرنگ سے پیر بخش گوٹھ کا رہائشی22 سالہ عبدالخلیل ولد محمد حنیف زخمی ہو گیا، زخمی کے والد نے بتایا کہ ان کا بیٹا کسی شخص سے رقم لینے گیا تھا۔ نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے پی آئی بی کالونی میں اے ون پکوان سینٹرکے قریب 25 سالہ محمدارشد، اورنگی ٹاؤن علی گڑھ پل کے نیچے35 سالہ فیصل، اورنگی ٹاؤن تھانے کی حدود میں فائرنگ سے30 سالہ عمرزخمی ہوگیا۔

لیاری میں گینگ وارکے 2گروپوں میں مسلح تصادم پیرکوبھی جاری رہا، دونوں جانب سے جدیدہتھیاروں سے ایک دوسرے پر فائرنگ، دستی بموں اور آوان گولوں سے حملے کیے گئے، سنگو لین، دھوبی گھاٹ، شاہ بیگ لین، چاکی واڑہ اور دیگر علاقے دن بھر فائرنگ اور بم دھماکوں سے گونجتے رہے، علاقہ مکین گھروں میں محصور رہے، پولیس اور رینجرزخاموش تماشائی بنی رہی۔ علاوہ ازیں کلاکوٹ کے علاقے جنگیان ہوٹل کے قریب میڈیکل اسٹور پر موٹر سائیکلوں پر سوار لیاری گینگ کے کارندوں نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس سے ایک شخص ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے، سول اسپتال کے سینئر ایم ایل او ڈاکٹر آفتاب چنڑ نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے کی شناخت 25 سالہ محمد شاہد بلوچ کے نام سے کی گئی جبکہ زخمیوں میں اس کا بھائی 30 سالہ محمد سرور اور دوست 35 سالہ شیراز بلوچ شامل ہیں، ملزمان نے فرار ہوتے وقت دستی بم پھینکا جو زوردار دھماکے سے پھٹ گیا تاہم اس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ بغدادی کے علاقے کمیلہ اسٹاپ کے قریب فائرنگ سے 52سالہ انور بلوچ شدید زخمی ہوگیا، اس موقع پر پولیس و رینجرز یکسر غائب رہے اور علاقہ مکین مکمل طور پر دہشت گردوں کے رحم و کرم پر تھے، رات گئے تک علاقے میں صورتحال انتہائی کشیدہ تھی اور گینگ وار کے دونوں گروپ ایک دوسرے پر حملے کررہے تھے۔ چاکی واڑہ تھانے کی حدودمحمدحسن علی روڈ پربم حملے میں45 سالہ غلام بخش، آٹھ چوک کے قریب فائرنگ سے40 سالہ اسماعیل زخمی ہو گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں