یوکرین کریمیا کے فوجی اڈوں پر روس نواز مسلح افراد کا قبضہ

ابھی یوکرین کیخلاف فوج استعمال کرنے کی ضرورت نہیں، اسپیکر روسی پارلیمنٹ


News Agencies/AFP March 04, 2014
یوکرین کی ریاست کریمیا میں بحریہ کے ہیڈ کوارٹر کو لوگوں نے گھیر رکھا ہے، فوجی الرٹ کھڑے ہیں ۔ فوٹو : اے ایف پی

مغربی ممالک کے دباؤکے باوجودروس نے یوکرین کی ریاست کریمیاپر اپنا فوجی کنٹرول مضبوط کرلیا۔

علاقائی وزارت دفاع کے ترجمان کے مطابق کریمیامیں تمام فوجی اڈوں کو مسلح افرادنے گھیرے میں لے لیاہے تاہم تمام فوجی اڈوں پر اب بھی یوکرین حکومت کاکنٹرول ہے۔ ہزاروں کی تعدادمیں روسی فوجی کریمیامیں فوجی اڈوں اور دوسری تنصیبات کواپنے قابومیں کررہے ہیں۔ روسی پارلیمنٹ کے اسپیکر سرگئی نیرشکن نے کہاہے کہ ابھی یوکرین کے خلاف ملٹری ایکشن کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ حتیٰ کہ میں لفظ جنگ بھی استعمال کرنانہیں چاہتا۔ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کاکہنا ہے کہ وہ علاقے میں روسی شہریوں اور انسانی حقوق کادفاع کررہے ہیں۔ انھوں نے مغربی ممالک کی طرف سے پابندیوں کی دھمکی کی مذمت کی ہے۔ انھوں نے کہاکہ کریمیا میں امن تک روسی فوج موجودرہے گی۔

روسی وزارت خارجہ کی جانب سے کہاگیا ہے کہ امریکی وزیرخارجہ کی طرف سے یوکرین کے حوالے سے دیاجانے والابیان ماسکوکے لیے دھمکی آمیزاور ناقابل قبول ہے۔ یوکرین میں فوجی بھیجنے کے اقدام کے بعدماسکو میں حصص کے کاروبارپر بھی منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ بی بی سی کے مطابق گولی چلائے بغیر کریمیا پرروس کاکنٹرول ہے۔ روس کے حامی 300مسلح افرادنے یوکرین کے شہرڈونٹسک میں واقع علاقائی حکومت کی عمارت پرقبضہ کرلیا ہے۔ روسی صدرنے جرمن چانسلرسے فون پربات چیت کے بعدتحقیقاتی کمیشن اوررابطہ گروپ کے قیام کی پیشکش قبول کرلی ہے۔ یوکرین نے کہاہے کہ روس کریمیا میں مزیدفوجی اورجنگی طیارے بھیج رہاہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بانکی مون نے روس سے مطالبہ کیاہے کہ وہ ایسے اقدام سے گریزکرے جس کے نتیجے میں یوکرین میں حالات مزیدخراب ہوں۔ امریکی حکام کاکہنا ہے کہ یوکرین میں فوجی مداخلت کاکوئی ارادہ نہیں۔ امریکی وزیرخارجہ جان کیری آج یوکرین کادورہ کریں گے۔ برطانیہ نے روس کوخبردار کیاہے کہ اسے نتائج بھگتنا پڑیں گے۔ اے ایف پی کے مطابق یورپی یونین نے دھمکی دی ہے کہ اگرروس نے یوکرین میں فوجی مداخلت جاری رکھی تویورپی ممالک روس کواسلحے کی فراہمی بندکردینگے۔ دریں اثنا امریکی صدر اوباما نے کہا ہے کہ عالمی طاقتیں متفق ہیں روس نے یوکرین میں فوج بھیج کر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی اور غلط راستہ اختیار کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |