سری لنکا کے حالات آسٹریلوی کرکٹرز گھبرا گئے

دورے سے قبل اسکواڈ کے بعض ارکان نے صورتحال پر تشویش ظاہر کردی

بورڈ جلد بریفنگ دے گا،لوڈشیڈنگ کی وجہ سے نائٹ میچز دن میں ہوں گے۔ فوٹو : اے پی

سری لنکا کے حالات سے آسٹریلوی کرکٹرزبھی گھبرانے لگے جب کہ دورے سے قبل اسکواڈ کے بعض ارکان نے صورتحال پر تشویش ظاہر کردی۔

آسٹریلیا کا 6 برس بعد دورہ سری لنکا پروگرام کے تحت ہی ہونے کی توقع ہے، البتہ بعض پلیئرز نے معاشی بحران میں مبتلا ملک کے سفر سے متعلق تشویش کا بھی اظہار کردیا،وہاں کھانے پینے کی اشیا کی قیمتیں کئی گنا بڑھ چکی ہیں، لوڈشیڈنگ انتہا کو پہنچ چکی جبکہ فیول میسر نہیں ہے، ایسے میں عوامی مظاہرے معمول بن چکے، فوج گلیوں میں موجود اور بیشتر علاقوں میں کرفیو لگا ہوا ہے۔

ایسی صورتحال میں کچھ آسٹریلوی پلیئرز گھبرائے ہوئے ضرور ہیں مگر ابھی تک کسی نے بھی ٹور سے انکار نہیں کیا ، کرکٹرز ایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹیو ٹوڈ گرین برگ نے کہا کہ بعض کھلاڑیوں نے سوالات اٹھائے ہیں، وہ سری لنکا کی صورتحال سے پوری طرح آگاہ ہیں، ہمارے کھلاڑی کرکٹ کھیلنے کا سلسلہ جاری رکھنا چاہتے ہیں اور جلد ہی انھیں بورڈ کی جانب سے ٹور کے انتظامات پر مزید بریفنگ دی جائے گی۔


یاد رہے کہ یہ آسٹریلوی ٹیم کا 2016 کے بعد سری لنکا کا پہلا ٹور ہوگا، کرکٹ بورڈ پروگرام کے تحت ہی ٹیم کی روانگی کیلیے پْراعتماد ہے، 15 روز قبل جب سری لنکا میں پْرتشدد مظاہرے ہوئے تب آسٹریلوی خارجہ ڈپارٹمنٹ نے اپنے شہریوں کو آئی لینڈ کے سفر سے متعلق دوبارہ غور کرنے کا مشورہ دیا تھا، تب بھی آسٹریلوی بورڈ نے وقت پر ٹور کا عندیہ دیا تھا۔

اس دورے میں 3 ٹوئنٹی 20 کولمبو میں فلڈ لائٹس میں کھیلے جانے تھے،وہاں روزانہ 15 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کے سبب میچز کا رات میں انعقاد مشکل دکھائی دے رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹی 20 اور ڈے اینڈ نائٹ ون ڈے میچز اب صرف دن میں ہوں گے تاہم اس کا ابھی آفیشل اعلان نہیں ہوا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل بھی اس حوالے سے اطلاعات سامنے آئی تھیں تب سری لنکن بورڈ نے کہا تھا کہ ہم جنریٹرز سے لائٹس آن کرتے ہیں، اگر فیول میسر آیا تو کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔
Load Next Story