چیف کمشنر اسلام آباد نے کچہری حملے کی جوڈیشل انکوائری کا حکم دے دیا

کمیٹی انکوائری مکمل کر کے جمعہ کو چیف کمشنر اسلام آباد کو رپورٹ پیش کرے گی۔


ویب ڈیسک March 04, 2014
جوڈیشل انکوائری کمیٹی 5 سوالوں کے جواب تلاش کرے گی۔ فوٹو : اے ایف پی

ضلع کچہری پر حملے کی تحقیقات کے لئے ہائی کورٹ کی انکوائری کمیٹی کا اجلاس کل ایف ایٹ میں ہوگا جب کہ چیف کمشنر نے بھی حملے کی جوڈیشل انکوائری کا حکم دے دیا ہے، کمیٹی جمعہ کو اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد کی ایف ایٹ کچہری میں دہشت گردوں کے حملے کی انکوائری کے لیے مختلف کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ پولیس کے ساتھ عدالت اور ضلعی انتظامیہ نے بھی اپنی اپنی انکوائری کمیٹیوں سے سانحے کی تحقیقات کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کی انکوائری کمیٹی کی سربراہی جسٹس شوکت عزیز صدیقی کر رہے ہیں اور کمیٹی کا اجلاس کل صبح 10 بجے ایف ایٹ کچہری میں طلب کر لیا گیا ہے۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایف ایٹ کچہری کے دورہ کے موقع پر جاں بحق ہونے والے ایڈیشنل سیشن جج رفاقت اعوان کے اہل خانہ کے لیے مراعات کا اعلان بھی کیا۔

چیف کمشنر اسلام آباد نے بھی ڈپٹی کمشنر مجاہد شیر دل کی سربراہی میں جوڈیشل انکوائری کمیٹی قائم کردی ہے جو 5 سوالوں کے جواب تلاش کرے گی کہ حملہ آوروں کی تعداد کتنی تھی؟، حملہ آور کچہری میں کیسے داخل ہوئے؟، پولیس سیکیورٹی ایس او پی کے مطابق تھی؟، پولیس نے حملہ آوروں کو روکنے کے لیے کیا اقدامات کئے؟، ریسکیو آپریشن بروقت ہوا یا نہیں؟۔ کمیٹی انکوائری مکمل کر کے جمعہ کوچیف کمشنر کو رپورٹ پیش کرے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں