لاہور میں پولیس کی کارروائی ڈکیت میاں بیوی گرفتار
میاں بیوی نے ایک دکان پر ڈکیتی کی واردات کی اور 35 ہزار روپے لوٹے جبکہ مزاحمت پر دکاندار کو زخمی کردیا تھا
ISLAMABAD:
پنجاب کے دارالحکومت میں پولیس نے ڈکیتی کی واردات کرنے والے جوڑے کو گرفتار کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور کے علاقے شمالی چھاؤنی میں پولیس نے کارروائی کر کے ڈکیت میاں بیوی کو گرفتار کیا، جن کی شناخت اسد اور بسمہ کے نام سے ہوئی۔
پولیس کے مطابق اسد ریکارڈ یافتہ ملزم ہے جس نے اپنی بیوی کے ساتھ مل کر بہار شاہ روڈ پر واقع دکان پر واردات کی اور 35 ہزار روپے نقد رقم لوٹی، ملزمان نے مزاحمت پر دکاندار کو زخمی بھی کیا۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی کرنے والے میاں بیوی کو گرفتار کیا، جن کے قبضے سے نقدی اور پستول بھی برآمد ہوا۔ گرفتار ملزمان سے پولیس نے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔