بھارتی فوج کی دہشت گردی میں مزید 4 کشمیری نوجوان شہید تعداد 10 ہوگئی

یاسین ملک کو عمر قید سزا سنائے جانے کے بعد سے اب تک 10 نوجوانوں کو شہید کیا جا چکا ہے

نوجوان کو سری نگر اور پلوامہ میں سرچ آپریشن کے دوران شہید کیا گیا، فوٹو: فائل

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جارحیت میں مزید 4 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے اس طرح 3 دن میں شہید ہونے والوں کی تعداد 10 ہوگئی۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فوج نے سری نگر اور پلوامہ میں سرچ آپریشن کے بہانے گھر گھر تلاشی کے دوران چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا، خواتین کے ساتھ بدتمیزی کی اور بزرگوں بچوں کو ہراساں کیا۔


سرچ آپریشن کے دوران قابض بھارتی فوج نے سری نگر میں ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دو کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔ اسی طرح ضلع پلوامہ میں بھی بھارتی فوج نے دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا۔

خیال رہے کہ حریت رہنما یاسین ملک کو عمر قید سزا سنائے جانے کے بعد سے مقبوضہ وادی میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے اور کئی علاقوں میں مکمل ہڑتال ہے۔ ان تین دنوں میں بوکھلائی ہوئی بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعدا 10 ہوگئی۔
Load Next Story