ملتان میں میدان سجانے کیلیے حکومتی گرین سگنل کا انتظار طویل

تحریری اجازت کے بغیر فول پروف سیکیورٹی سمیت انتظامی معاملات مکمل نہیں کیے جاسکتے

پاک ویسٹ انڈیز میچزکیلیے وینیو کی صفائی ستھرائی کا سلسلہ جاری فوٹو : فائل

پاک ویسٹ انڈیز ون ڈے سیریز ملتان میں میدان سجانے کیلیے حکومتی گرین سگنل کا انتظار طویل ہوگیا۔

گزشتہ سال دسمبر میں کراچی آنے والی ویسٹ انڈین ٹیم کے کئی کھلاڑیوں کے کورونا میں مبتلا ہونے پر بمشکل 3ٹی ٹوئنٹی میچز ہی ممکن ہوسکے، آئی سی سی ورلڈکپ سپر لیگ میں شامل 3ون ڈے میچز ملتوی کرنا پڑے، دونوں ملکوں کے کرکٹ بورڈز نے دستیاب ونڈو کو دیکھتے ہوئے مقابلے جون میں ری شیڈول کرنے پر اتفاق کیا، پی سی بی نے سیریز کے راولپنڈی میں انعقاد کا فیصلہ کیا۔

عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد ملک میں سیاسی صورتحال کشیدگی ہوئی، لانگ مارچ کا اعلان ہونے پر پی سی بی نے متبادل وینیو کے طور پر ملتان کا بھی انتخاب کرلیا مگر غیر یقینی صورتحال میں کوئی فیصلہ نہیں کیا جاسکا، عمران خان نے الیکشن کا مطالبہ تسلیم نہ ہونے پر یکم جون کو دوبارہ اسلام آباد آنے کا اعلان کیا ہے، اس صورتحال میں سیریز کی میزبانی کیلیے ملتان فیورٹ بن گیا۔

پی سی بی کی ہدایت پر اسٹیڈیم کی انتظامیہ نے تیاریاں بھی شروع کردی ہیں، میدان کی حالت بہتر بنانے کے ساتھ اسٹینڈز کی صفائی ستھرائی کا کام بھی جاری ہے، مقامی شائقین بھی خاصے پر جوش نظر آرہے ہیں، دوسری جانب لاجسٹک امور مکمل کرنے کیلیے وقت بہت کم رہ گیا، پی سی بی حکام بھی بڑی بیتابی سے حکومت کی جانب سے گرین سگنل ملنے کا انتظار کررہے ہیں۔


گزشتہ روز کسی جواب کی توقع جارہی تھی مگر کوئی پیش رفت سامنے نہیں آسکی،بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ کسی بھی انٹرنیشنل سیریز کی میزبانی حکومت کی جانب فول پروف سیکیورٹی کی تحریری یقین دہانی کے بغیر ممکن نہیں،بیک وقت کئی حکومتی اداروں کا تعاون درکار ہوتا ہے،اس لیے اجازت کا انتظار کیا جارہا ہے، جواب موصول ہوتے ہی ملتان میں میچز کی میزبانی کا باضابطہ طور پر اعلان کیا جاسکتا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان ٹیم کا تربیتی کیمپ یکم جون سے شروع ہوگا، ویسٹ انڈین اسکواڈ کی آمد 5 جون کو ہوگی، پہلا میچ 8جون کو کھیلا جائے گا،دوسرا 10اور تیسرا 12جون کو شیڈول کیا گیا ہے۔

ملتان اسٹیڈیم ابھی تک 5ٹیسٹ میچز کی میزبانی کرچکا،وہاں طویل فارمیٹ کا پہلا مقابلہ 2001میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین ہوا تھا، آخری 2006میں ویسٹ انڈیز کے ساتھ کھیلا گیا تھا۔

گرین کیپس نے 3میچز جیتے،ایک میں مہمان بھارتی ٹیم نے ہرایا، ایک ڈرا ہوا۔ملتان اسٹیڈیم اب تک 7ون ڈے میچز کی بھی میزبانی کرچکا ہے،پہلا مقابلہ 2003میں پاکستان اور بنگلادیش کے مابین ہوا تھا، آخری میچ بھی 2008میں انہی دونوں ٹیموں نے کھیلا، گرین شرٹس نے وہاں 7میچز میں 4فتوحات حاصل کی ہیں، بھارت، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز نے ایک،ایک فتح حاصل کی ہے۔اس وینیو پر 2020 میں پی ایس ایل 5کے 3میچز بھی کھیلے گئے تھے۔
Load Next Story