سینئر اداکار تنویر جمال ایک مرتبہ پھر کینسر کے مرض میں مبتلا ہوگئے

اداکار نے دنیا بھر میں اپنے چاہنے والوں سے ان کی صحت یابی کے لیے دعاؤں کی اپیل کی ہے

تنویر جمال گزشتہ 35 سالوں سے اپنی شاندار اداکاری کے ذریعے نمایاں ہیں(فائل فوٹو)

پاکستانی فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کے سینئر اداکار تنویر جمال میں کینسر کی تشخیص ہوئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق معروف اداکار، ہدایت کار اور پروڈیوسر تنویر جمال کینسر جیسی موذی بیماری کا شکار ہوگئے ہیں اور وہ علاج کے لیے جاپان منتقل ہو گئے ہیں۔

اداکار نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں اپنے چاہنے والوں سے ان کی صحت یابی کے لیے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔


تنویر جمال کو 2016 میں پہلی بار کینسر کی تشخیص ہوئی تھی تاہم علاج کے بعد وہ صحت یاب ہو گئے تھے مگر چند ماہ قبل وہ دوبارہ تکلیف میں مبتلا ہونے لگے اور انہیں دوبارہ کینسر کی تشخیص ہوئی جس سے ان کی صحت متاثر ہوئی ہے۔

اس کے بعد انہوں نے کینسر کے مکمل علاج کے لیے جاپان جانے کا فیصلہ کیا اور جاپان روانہ ہوگئے، اطلاعات ہیں کہ جاپان میں کینسر کے ماہرین اگلے ہفتے اداکار کا تفصیلی چیک اپ کریں گے اور علاج شروع کریں گے۔

یاد رہے کہ تنویر جمال گزشتہ 35 سالوں سے پاکستان میں اپنی شاندار اداکاری کے ذریعے نمایاں ہیں۔ انہوں نے درجنوں معروف ڈرامہ سیریلز میں بہترین اداکاری کے جوہر دکھائے انہیں ان کی بہترین اداکاری پر بی ٹی وی کی جانب سے بہترین اداکار کے ایوارڈ سے بھی نوازا جا چکا ہے جبکہ وہ کئی بڑی فلموں کی ہدایتکاری بھی کر چکے ہیں۔
Load Next Story