کیریبئنز کا شکار کرکٹر کو پاور ہٹنگ کا سبق پھر سے پڑھایا جائے گا

ٹیم مینجمنٹ نے تربیتی کیمپ کا پلان تیار کرلیا، لاہور میں 3 روز تک بھرپور مشقیں ہوں گی

5 جون کو گرین شرٹس ون ڈے سیریز کے میزبان شہر میں ڈیرے ڈال دیں گے (فوٹو: ٹوئٹر)

کیریبیئنز کے شکار کیلیے پاور ہٹنگ سے لہو گرمایا جائے گا جب کہ قومی ٹیم منیجمنٹ کی میٹنگ میں تربیتی کیمپ کا پلان تیار کرلیا گیا۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین ون ڈے میچز کی سیریز کا پہلا مقابلہ 8جون کو ہوگا، کیریبیئنز کی میزبانی کے لیے پہلی ترجیح راولپنڈی تھی، کشیدہ سیاسی صورتحال کی وجہ سے بیک اپ کے طور پر ملتان کو رکھا گیا تھا، پاکستان کرکٹ بورڈ کو زبانی طور پر حکومت کی جانب سے ملتان میں میچز کے حوالے سے اجازت دے دی گئی تھی مگر گزشتہ چند روز سے باقاعدہ تحریری کلیئرنس کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

صورتحال واضح ہونے کی وجہ سے فی الحال پاکستان کے 16 رکنی اسکواڈ کا تربیتی کیمپ میزبان وینیو کے بجائے لاہور میں ہی لگانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے کوچز کی اتوار کو ہونے والی میٹنگ میں ٹریننگ پلان پر غور کیا گیا ہے، یکم جون کو تمام کھلاڑی رپورٹ کریں گے، انگلش کاؤنٹی کرکٹ میں شرکت کرنے والے حسن علی وطن واپس آ چکے ہیں، محمد رضوان، حارث روف اور شاداب خان بھی بروقت پہنچ جائیں گے، اگلے 3 روز بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی بھرپور مشقیں ہوں گی۔


5 جون کو پاکستانی کرکٹرز اور معاون اسٹاف ارکان سیریز کے میزبان شہر میں ڈیرے ڈال دینگے، اسی روز کیریبیئنز کی آمد بھی ہوگی، 6 اور 7 جون کو ٹریننگ کے بعد اگلے روز پہلا ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلا جائے گا۔

یاد رہے کہ قذافی اسٹیڈیم کے وسط میں نئی بچز تیار کی جارہی ہیں، سائیڈ پچز کی تیاری آسٹریلیا کیخلاف سیریز سے قبل ہی مکمل ہو چکی تھی۔ دوسری جانب نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر اور ایل سی سی اے گراؤنڈ میں کنڈیشننگ کیمپ کا آغاز ہو چکا ہے، اس صورتحال میں دونوں کیمپس میں کرکٹرز کی سرگرمیاں جاری رکھنے کے لیے پلاننگ کی جا رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم مینجمنٹ ہوم سیریز میں بیٹرز کو جارحانہ انداز میں کھیلتا دیکھنے کی خواہاں ہے، آسٹریلیا کیخلاف لاہور میں سیریز کے دوران ریکارڈ ہدف کا تعاقب کرنے والے گرین شرٹس کیریبیئن بولرز کے مقابل بھی مثبت سوچ کے ساتھ میدان میں اتریں گے، اسی لیے ٹریننگ کے دوران بھی پاور ہٹنگ کی بھرپور مشقوں پر خاص توجہ دی جائے گی، اسپن کا شعبہ مضبوط بنانے کے لیے بھی ہوم ورک مکمل کیا جائے گا۔

دریں اثناء کنڈیشنگ کیمپ کے دوسرے مرحلہ کا نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں آغاز ہوگیا ہے، اس کیلیے کھلاڑیوں کی تعداد 34 سے بڑھا کر 45 کردی گئی، پہلے مرحلے میں شریک یاسر شاہ، محمد حسنین، عثمان قادر اور ارشد اقبال، میر حمزہ، کامران غلام، عاکف جاوید، حیدر علی، آصف علی، عمران ڈوگر اور آغا سلمان کو دوبارہ طلب کرلیا گیا ہے، تمام کھلاڑیوں نے گزشتہ روز کیمپ میں رپورٹ کردی، ابتدائی روز فٹنس ٹیسٹ ہوئے، پیر سے کرکٹرز کو 3 گروپس میں تقسیم کرکے فیلڈنگ سیشنز کیے جائیں گے۔

یاد رہے کہ کنڈیشننگ کا پہلا مرحلہ 24 مئی تک جاری رہا تھا، اس دوران کھلاڑیوں کی فٹنس اور تکنیکی مسائل پر قابو پانے کے لیے کام کیا گیا۔
Load Next Story