KARACHI:
وزیر اعظم نواز شریف نے ایسے تمام ترقیاتی منصوبے ترک كرنے كی ہدایات جاری كردی ہیں جو گزشتہ چند سالوں سے زیر التوا یا زیر تكمیل ہیں مگر ان پر محض 10 سے 15 فیصد كام ہوا ہے جبكہ باقی ماندہ ترقیاتی منصوبوں كو تیزی سے مكمل كرنے كے احكامات جاری کئے ہیں۔
وزیر اعظم ہاؤس میں نواز شریف كی زیر صدارت ترقیاتی منصوبوں پر كام كی رفتار كا جائزہ لینے كے لیے اہم اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقیات احسن اقبال نے وزیراعظم كو وفاق كے زیر انتظام جاری اہم ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیر اعظم نواز شریف نے محص 10 سے 15 فیصد كام مكمل ہونے کے بعد زیر التوا منصوبوں كو ختم كرنے كے احكامات جاری كرتے ہوئے باقی ماندہ پروگراموں پر كام تیزی سے مكمل کرنے اور انہیں باقاعدگی سے كام كی رفتار سے آگاہ كرنے کی ہدایات کیں۔
اجلاس میں مسلم لیگ (ن) كے اراكین قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف، كیپٹین (ر) محمد صفدر، وزیر اعظم كے پولیٹیكل سیكریٹری ڈاكٹر آصف كرمانی اور وزیراعظم ہاؤس ماڈل ٹاؤن سیكریٹریٹ كے انچارج كرنل (ر) سیف قریشی بھی موجود تھے۔